شہباز شریف نے بلوچوں کے مسائل میں دلچسپی لیکر دل جیت لئے ،عبدالقیوم کاکڑ

شہباز شریف نے بلوچوں کے مسائل میں دلچسپی لیکر دل جیت لئے ،عبدالقیوم کاکڑ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(انٹرویو:۔ محمد نصیر الحق ہاشمی) خادم اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بلوچ عوام کے مسائل میں ذاتی دلچسپی لیکر اور مشکل کی ہر گھڑی میں ان کاساتھ دیکر انکے دل جیت لئے ہیں اور ہمیشہ بڑا بھائی ہونے کا حق ادا کیا ہے لیکن ان کا پنجاب کے عوام کی جانب سے بطور تحفہ کوئٹہ میں امراض قلب ہسپتال بنانے کا وعدہ ہنوز حل طلب ہے۔ اِن خیالات کا اظہار جماعت اسلامی بلوچستان کے رہنما اورمعروف سماجی و سیاسی شخصیت حاجی عبدالقیوم کا کڑ نے ’’پاکستان‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، حاجی عبدالقیوم کاکڑ کا کہنا تھا کہ خادم اعلیٰ پنجاب نے بلوچستان کے عوام کے مسائل حل کرکے ان پر جو احسان عظیم کیا ہے، اس پر وہ ان کے ممنون ہیں۔ خادم اعلیٰ نے بلوچستان کے طلبہ کو پنجاب کے بہترین تعلیمی اداروں میں مفت داخلے اور سکالر شپ دیئے، غریب اور نادار طلبہ کی امداد کی، قدرتی آفات، زلزلوں، سیلاب اور دیگر ناساز گار مواقعوں پر پنجاب نے ہمیشہ بڑے بھائی کا کردار ادا کیا، جس پر بلوچستان کے عوام میاں شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور جنون کی حد تک ان سے محبت کرتے ہیں، اس کا اجر اللہ تعالیٰ ہی انہیں دے گا، حاجی عبدالقیوم کاکڑ نے مزید بتایا کہ بلوچستان آبادی کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے چھوٹا صوبہ ہے یہاں کے لوگوں کا معیار زندگی بہت پست ہے۔ تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم نہیں دی جاتی۔ سرکاری و نجی ہسپتالوں بالخصوص کلینکوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ عطائی ڈاکٹروں کی بھرمار ہے، ملاوٹ اور مہنگائی کے سبب بلوچ عوام کے لئے زندگی گزارنا مشکل ہوچکا ہے، مناسب خوراک نہ ملنے کی وجہ سے بلوچ عوام مختلف مسائل کے ساتھ ساتھ بہت سی بیماریوں کا بھی شکار ہیں،بہت سے لوگ ناقابل علاج امراض میں مبتلا ہیں، افغانستان سے روزانہ مریضوں کی ایک بڑی تعداد کوئٹہ میں علاج معالجہ کی غرض سے آتی ہیں لیکن کوئی مناسب ہسپتال نہ ہونے کے باعث اِن کا علاج نہیں ہوپاتا، انہیں علاج کے غرض سے کراچی، لاہور یا اسلام آباد جانا پڑتا ہے اور بعض اوقات علاج سے زیادہ سفری اخراجات برداشت کرنے پڑتے ہیں، اکثر مریض راستے ہی میں وفات پا جاتے ہیں جس کی وجہ سے بلوچ عوام ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔ ہماری وزیر اعلیٰ پنجاب سے استدعا ہے کہ وہ کوئٹہ میں پرانی سبزی و فروٹ منڈی کی خالی جگہ جو کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر کنٹرول ہے، وہاں امراض قلب کا ہسپتال بنا کر بلوچ عوام کو ہمیشہ کے لئے اپنا گرویدہ بنالیں۔خادم اعلیٰ اگر امراض قلب کے ہسپتال کا سنگِ بنیاد رکھ دیں تو اس سے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بلوچستان سے واضح اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی۔
عبدالقیوم کاکڑ

مزید :

علاقائی -