پولیس افسر وں اور اہلکاروں کے اہلخانہ کیلئے شاندارفیملی گالا فیسٹیول کاانعقاد

پولیس افسر وں اور اہلکاروں کے اہلخانہ کیلئے شاندارفیملی گالا فیسٹیول ...

لا ہور (کر ائم رپو رٹر) لاہور پولیس نے 37 ہزار پولیس افسر وں اور اہلکاروں کے اہلخانہ کیلئے ریس کورس پارک میں شاندارفیملی گالا فیسٹیول منعقد کیا جس میں اعلیٰ افسران سمیت ہزاروں اہلکاروں کے اہلخانہ اور بچوں نے بھرپور شرکت کی۔ بچوں کی سیروتفریح کیلئے مشہور برانڈز کے کھانے پینے کے سٹالز ، جھولوں ، رائیڈنگ، میجک شو، ڈولفن بائیکس کی سواری، پیٹ شو، مہندی اور فیس پینٹنگ کے علاوہ لکی ڈرا کے ذریعے قیمتی انعامات کا بھی انتظام کیا گیا ۔ پولیس اہلکاروں کے بچوں نے جھولوں اور کھانے پینے کی اشیاء سے خوب لطف اُٹھایا۔ڈی آئی جی سید احمد مبین شہیداور لاہور پولیس کے دیگر شہداء کے اہلخانہ اور بچے بھی شریک ہوئے۔ آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے اہلخانہ سمیت فیملی گالا فیسٹیول میں خصوصی شرکت کی اورتمام سٹالز کے دورے کے بعد لکی ڈرا میں جیتنے والے خوش نصیب پولیس اہلکاروں کو انعامات بھی دئے ۔ اس موقع پرعارف نواز خان نے کہا کہ ملک وقوم کی شب و روز خدمت کرنے والے پولیس اہلکاروں اور ان کے بچوں کیلئے فیملی گالا فیسٹیول کا انعقادایک عمدہ اقدام ہے ،ایسی سرگرمیاں جاری رہنی چاہئیں۔ اہلکاروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا اوران کی فلاح وبہبود میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا اپنی بنیادی ذمہ داری سمجھتا ہوں۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے بھی مختلف سٹالز کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس نے پہلی بار اعلیٰ سطح پر تمام فورس کے اہلخانہ اور بچوں کیلئے سیروتفریح کا موقع فراہم کیا ہے ۔ آئندہ بھی ایسے شاندار ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا جس کے ذریعے پولیس اہلکاروں کا مورال بلند ہوسکے اور ان کو سیروتفریح کے مواقع حاصل ہوسکیں۔

مزید : علاقائی