مسائل کے حل کیلئے پی ایس پی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں،مصطفی کمال
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک سر زمین پارٹی کے انتخابی نشان ڈالفن پر مہر لگا کر ہی کراچی کے لوگ بلا رنگ و نسل تفریق کے اپنے حقوق حاصل کر سکتے ہیں۔ آج عوام بھی سوال پوچھ رہی ہے کہ کیا ایک جماعت کی سربراہی کے لیئے لڑنے والے کبھی اس طرح شہر کے لوگوں کے اسپتالوں، تعلیمی اداروں اور پانی کے حصول کے لیئے لڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے انتخابی مہم کے سلسلے میں این اے 243، مدینہ بلیسنگ، گلستان جوہر میں منعقدہ پروقار تقریب میں شرکت کے موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علاقہ مکینوں اور کارکنان نے پاک سر زمین پارٹی کے رہنماں کا والہانہ استقبال کیا۔ تقریب کے شرکا میں خواتین، بچوں، بزرگوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سید مصطفی کمال نے کہا کہ ہم نے جو بات پہلے دن کی تھی اس پر آج بھی قائم ہیں یہی ہمارے کردار کی طاقت ہے جو ہمیں اوروں سے منفرد بناتی ہے۔ کراچی والوں کے پاس اپنی آئندہ نسل کے بہتر مستقبل کے لیے پی ایس پی کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے۔ پاک سر زمین پارٹی کی قیادت ایسے تجربہ کار لوگوں پر مشتمل ہے جو عوام کے مسائل بھی جانتے ہیں اور ان کا حل بھی۔ عوام نے دیکھ لیا کہ شہر کے مینڈیٹ کا سودا یہاں کے نام نہاد ٹھیکیداروں نے سینیٹ کے انتخابات میں کس طرح کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر میرے دور میں سڑکیں، انڈر پاس، انفرااسٹرکچر اور ہسپتال نہ بنائے گئے ہوتے تو آج اس شہر کا کوئی پرسان حال نہ ہوتا۔ اس شہر کو اس کے چوکیداروں نے لوٹا ہے عوام کس سے شکوہ کریں۔ اس شہر کو لاورث سمجھنے والے غلط فہمی کا شکار ہیں کہ لوگ اتنی پستی میں جا چکے ہیں کہ نشان دیکھ کر ووٹ دیں گے لیکن اب ایسا نہیں ہے کیونکہ ہم اس شہر کے وارث ہیں اور ہم اپنے لوگوں کے حقوق کا سودا کرنے کے بجائے جان دینے کو فوقیت دیں گے۔ آئندہ الیکشن میں پی ایس پی کلین سوئپ کرے گی۔ کراچی کی ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہوگا جہاں سے ہمارے دور میں منقطع ہوا تھا۔ اس موقع پر صدر کراچی ڈویژن و ممبر نیشنل کانسل سید آصف حسنین، ممبر نیشنل کانسل ارتضی فاروقی، ندیم راضی، سعید شفیق، سید مبشر امام، طحہ احمد خان، ممبر کراچی ڈویژن عون علی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
Ba