قومی ادارے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں:مفتاح اسماعیل

قومی ادارے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں:مفتاح اسماعیل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم کے مشیر برائے مالیات، محصولات اور اقتصادی امور ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ ہمارے قومی ادارے منافع کما کر ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، قومی اداروں کی سربراہی اچھے ایماندار اور ماہر لوگوں کو دی جائے تو وہ اداروں کو کارآمد اور منافع بخش بنا دیتے ہیں اور ان کی بنائی ہوئی مصنوعات قابل فخر اور معیاری ہوتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز کراچی شپ یارڈ میں پاکستان کسٹمز کے لئے تیار کی جانے والی 2 ایف آر پی بوٹس کی حوالگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں نیدرلینڈ کی سفیر، سرکار، پاکستان کسٹمز، نجی اداروں اور شپ یارڈ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ 2013ء میں جب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو اس وقت کافی مشکلات کا سامنا تھا لیکن ہماری حکومت کی پالیسیوں اور ہماری لیڈر شپ کے وژن نے پاکستان کو بڑے بڑے بحرانوں سے نکالا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہماری حکومت آئی تھی اس وقت ملک میں بجلی کا بحران تھا، سڑکیں ٹوٹی پھوٹی تھیں ہم نے توانائی بحران کا خاتمہ کیا اور ملک کو آگے لے جانے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ 1990ء تک ہماری جی ڈی پی گروتھ جنوبی ایشیا کے ممالک سے بہتر تھی لیکن ہمارے داخلی اور خارجی مسائل کی وجہ سے 2013ء میں 3.6 فیصد پر آگئے تھے لیکن اب ہماری جی ڈی پی گروتھ بڑھ رہی ہے اور ہمارا ارادہ ہے کہ ہم اس کو 6 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد تک لے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء میں ایف بی آر کے محصولات 1900 ارب روپے تھے اور اب ہم اس سال 4013 ارب روپے وصول کریں گے ان میں سے 2400 ارب روپے صوبوں کو جائیں گے جس سے صوبے اپنے صحت، تعلیم اور سڑکوں کو بہتر کریں گے۔ قبل ازیں منیجنگ ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ ریئر ایڈمرل سید حسن ناصر شاہ نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ شپ پارڈ بنیادی طور پر اسٹیل اور المونیم کے جہاز تعمیر کرتا ہے، تاہم ان بوٹس کی تعمیر نے ایف آر پی کی تعمیر کی شروعات کا موقع فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت شپ یارڈ مین 6 جہاز اور 7 بوٹس کی تعمیر بیک وقت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ شپ یارڈ کی مالی بہتری پاک بحریہ کے مسلسل منصوبوں کے حصول، وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال، کامیاب تجارتی منصوبہ بندی اور کثیر المقاصد مارکیٹنگ کی حکمت عملی کے باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت دفاعی پیداوار، وزارت خزانہ، پلاننگ کمیشن اور پاک بحریہ کا شپ یارڈ کی بحالی کے لئے ان کی ٹھوس حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے آخر میں کموڈور سلیم اقبال اور کلکٹر کسٹم افتخار احمد نے 2 بوٹس کی حوالگی کے کاغذات پر دستخط کئے۔ پاکستان کسٹمز کو دی جانے والی 2 بوٹس کا مین ہل اور ساخت فائبر مضبوط پلاسٹک کا ہے، ان کی کل لمبائی 16 میٹر، ڈسپلیسمنٹ 20 ٹن، زیادہ سے زیادہ رفتار 32 ناٹ ہے اور اس کے اگلے حصے پر 7.6 ایم ایم اور 12.5 ایم ایم مشین گن نصب ہیں۔