اعلیٰ تعلیم کی سہولت فراہم کرانا اولین ترجیح ہے :امتیاز شاہد قریشی

اعلیٰ تعلیم کی سہولت فراہم کرانا اولین ترجیح ہے :امتیاز شاہد قریشی

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی اُمور امتیاز شاہد قریشی نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ معاشرے کی ترقی کے لئے اعلیٰ تعلیم لازمی ہے۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ہفتہ کے روزتقریباََ پچیس کروڑ روپے کی لاگت سے شکردرہ ڈگری کالج کے تعمیر ی کام کے معائنہ کے دوران معززین علاقہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔امتیاز شاہد قریشی نے زیر تعمیرڈگری کالج شکردرہ کے منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے معززین علاقہ سے کہا کہ وہ خود بھی ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں اور جہاں کہیں بدعنوانی یا کوئی کام چوری محسوس کریں تو اسے حکومت کے نوٹس میں لائیں کیونکہ تحریک انصاف کی حکومت نے کمیشن اور کرپشن مافیا کے خلاف جدوجہد شروع کر رکھی ہے اور ترقیاتی عمل میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ ان منصوبوں پر عوام کے خون پسینے سے جمع شدہ فنڈز کی رقوم ا ستعمال ہوتی ہیں اور ان کا بے جا استعمال کبھی نہیں ہونے دیا جائے گا۔وزیر قانون نے کہا کہ شکردرہ میں گرلز،بوائز ڈگری کالجز کا قیام علاقہ کے عوام کا خواب اور دیرینہ مطالبہ تھا جس کے پورا ہونے سے علاقہ بھر کے طلباء و طالبات کیلئے ان کی دہلیز پر اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھل جائینگے ۔ کالجز کی تعمیر سے علاقہ بھر کے عوام کو ان کی دہلیز پر اعلیٰ تعلیم کی سہولت میسر آ ئیگی۔ قومی سطح پر درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہوتے ہوئے موجودہ حکومت ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے درست سمت میں گامزن ہے۔ وزیر قانون نے مزید کہا کہ حلقہ بھر میں چالیس سے زائد سکولوں کواپ گریڈ اور انہیں بنیادی سہولیات سے آراستہ کرچکا ہوں ۔حلقہ بھر میں اربوں روپے کی سڑکوں کی تعمیر و توسیع بھی کی جارہی ہے ۔کڑپہ شکردرہ روڈ کی از سر نو تعمیر اور کشادگی پر صوبائی حکومت دو ارب سے زائد روپے خرچ کریگی جو شکردرہ سمیت ضلع میانوالی کے عوام کے لیے پی ٹی آئی حکومت کا تحفہ ہے ۔ڈیڑھ ارب سے زائد کی رقم سے شکردرہ کی تینوں یونین کونسل کو پینے کے صاف پانی کے منصوبے پر کام جاری ہے منصوبے کے تکمیل سے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم ہوگا۔شکردرہ میں گیس کی فراہمی کے لیے آئل اینڈ گیس رائلٹی سے 24کروڑ روپے محکمہ سوئی گیس کو فراہم کر دئیے گئے جس پر بہت جلد کا کا آغاز کر دیا جائے گا جس سے گیس کا مسلہ حل ہو جائے گا۔

مزید : کراچی صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...