چارسدہ ،6 بند سکولوں میں سے ایک سکول کو کھول دیا گیا
چارسدہ (بیورو رپورٹ) چارسدہ میں اراضی مالکان کی طرف سے چھ بند سکولوں میں ایک سکول کو تعلیمی سرگرمیوں کیلئے دوبارہ کھول دیا گیا ۔عمائدین علاقہ اور تحصیل کونسلرکرامت شاہ کی کو ششیں رنگ لے آئی ۔ طالبات اور والدین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ تفصیلات کے مطابق چارسدہ میں اراضی مالکان کی طرف سے چھ بند سکولوں میں سے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول صفی اللہ کلے کو تعلیمی سرگرمیوں کیلئے دوبارہ کھول دیا گیا ۔ مذکورہ سکول کو چوکیدار نے ریٹائر منٹ کے بعد اپنے بندے کی بجائے کسی دوسرے شحص کو بھرتی کرنے کے خلاف بطور احتجاج بند کرکے تالے لگا ئے تھے جس کی وجہ سے محکمہ تعلیم نے طالبات کو دو کلومیٹر دور گورنمنٹ پرائمری سکول درہ میں ایڈجسٹ کیا مگر بیشتر طالبات نے سکول دو ر ہونے اورسیکورٹی وجوہات کی بناء پر سکول جانا چھوڑ دیا ۔ مقامی ناظم کرامت شاہ اور عمائدین علاقہ نے جرگہ کرکے سابقہ چوکیدار کو راضی کرکے سکول کو دوبارہ کھول دیا ۔سکول چوکیدار کا اس حوالے سے موقف ہے کہ دو سال پہلے وہ ریٹائرڈ ہو چکے ہیں اور گزشتہ دو سال سے محکمہ تعلیم کے دفتر کے چکر لگا کر وہ تھک گئے تھے ۔ محکمہ تعلیم کے ذمہ داران نے دوسال تک ان کو دھوکے میں رکھا اور بلا آخر ڈی او فی میل ایجو کیشن نے ان کو کہا کہ اگر آپ سکول کو بند کر نا چاہے تو کر لیں ہم طالبات کو دوسرے سکول میں ایڈ جسٹ کر ینگے ۔ اس حوالے سے سکول کے پرنسپل کا موقف ہے کہ اس حوالے سے انہوں نے محکمہ تعلیم کو بر وقت تحریری طور پر آگاہ کیا تھا اور محکمہ تعلیم نے سکول کی بندش پر طالبات کو دوسرے سکول میں ایڈ جسٹ کرنے کی ہدایت کی تھی جس پر ہم نے من و غن عمل در آمد کیا مگر دور دارز علاقہ ہونے اور سیکورٹی وجوہات کی بناء پر بیشتر طالبات نے سکول جانا چھوڑ دیا ۔ اس حوالے سے تحصیل کونسلر کرامت شاہ کا کہنا تھا کہ طالبات کا مستقبل بچانے کیلئے جر گہ کے ذریعے سکول کھول دیا گیا ہے اور مذکورہ سکول میں ریٹائرڈ چوکیدار کے بندے کو ہر صورت بھرتی کیا جائیگا۔