نواز شریف رضا ربانی کی حمایت کیلئے تیار ہو سکتے ہیں ٗ فاروق ستار

نواز شریف رضا ربانی کی حمایت کیلئے تیار ہو سکتے ہیں ٗ فاروق ستار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (این این آئی)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے امکان ظاہر کیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی کو چیئرمین سینیٹ بنانے کے حامی ہو سکتے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وفد کے ساتھ ملاقات کے بعد ایم کیو ایم پاکستان پی آئی بی کالونی گروپ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی جماعت کے دھڑوں کی ایک حکمت عملی لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کو ووٹ دینے کا فیصلہ رابطہ کمیٹی کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔انہوں اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر یقین رکھنے والا ہی ایوانِ بالا کا چیئرمین ہونا چاہیے۔ڈاکٹر فارق ستار نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے درمیان رابطہ ہونا چاہیے اور ان کا ایک فورم ہونا چاہیے جہاں پر قومی ایجنڈے پر بات کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نئے ایوان میں ایسی قانون سازی ہونی چاہیے جو پاکستان کے عوام بااختیار بنائے اور ان کے بنیادی مسائل کو حل کرے۔ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے وفد کے سامنے سندھ کے شہری علاقوں میں موجود مسائل سے آگاہ کیا جبکہ لاپتہ کارکنوں سے متعلق بات چیت کی گئی اور ملک میں ایم کیو ایم پاکستان کے دفاتر کی بحالی کا بھی مطالبہ کیا۔میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں پی پی پی کی جانب سے ہارس ٹریڈنگ کرنے اور نیلام گھر سجانے پر بھی مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف اور ان کے ساتھیوں کو توجہ دلائی گئی۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ مردم شماری میں کراچی اور سندھ کے شہروں کی نمائندگی کو کم گنا گیا ہے جبکہ نئی حلقہ بندیوں کی وجہ سے ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ جو ناانصافی ہو رہی ہے اس کے حوالے سے تحریری رپورٹ بھی حکمراں جماعت کو دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت نئی حلقہ بندیوں سے متعلق سندھ بھر میں بھرپور احتجاج کرے گی اور الیکشن کمیشن میں اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے گی۔
فاروق ستار