سینیٹ کا چیئرمین کراچی سے بنایا جاسکتا ہے،کنور نوید جمیل

سینیٹ کا چیئرمین کراچی سے بنایا جاسکتا ہے،کنور نوید جمیل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم بہادرآبادکی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینئر اور رکن قومی اسمبلی کنور نوید جمیل نے کہا ہے کہ جس طرح بلوچستان اور فاٹا محرومیوں کا شکار ہیں اس ہی طرح سے کراچی کے عوام کی محرومیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے سینٹ کا چیئرمین یا ڈپٹی چیئرمین کراچی سے بنایا جاسکتا ہے اس ہی لئے ہم نے اپنے امیدوار سنیٹر فروغ نسیم کا پروپوزل تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں کو دے دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتہ کی دوپہر کوتحریک انصاف کے وفد کی ایم کیو ایم بہادرآباد کے عارضی مرکز کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ رابطہ کمیٹی کے رکن فیصل سبزواری،امین الحق،اور رابطہ کمیٹی کے دیگر اراکین اور تحریک انصاف سندھ کے صدر ڈاکٹر عارف علوی، عمران اسماعیل، حلیم عادل شیخ، اور منصور شیخ بھی موجود تھے۔ کنور نوید جمیل نے کہا کہ ہم تحریک انصاف کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ وہ ہمارے ہمارے پارٹی کے دفتر آئے یہ چیئرمین سینٹ اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کے حوالے سے ہمارے پاس کچھ پروپوزل لیکر آئے ہیں۔ جس پر ہماری رابطہ کمیٹی غور کرکے فیصلہ کرے گی۔ ہم جانب سے بھی تحریک انصاف کو پروپوزل دیا گیا ہے کہ جسطرح سے بلوچستان اور فاٹا محرومیوں کا شکار ہیں اس ہی طرح سے کراچی کے عوام کی محرومیوں کو دور کرنے کے لئے چیئرمین سینٹ یا ڈپٹی چیئرمین کراچی سے لیا جاسکتا ہے اس سلسلے میں ہمارے امیدوار بیرسٹر فروغ نسیم کا ہم تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں کو پرو پوزل دیا ہے۔ اور ہمارے امیدوار بیرسٹر فروغ نسیم اس منصب کے اہل بھی جس پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں۔ اس کے علاوہ ہمارے پاس مسلم لیگ ن کاوفد آیا اور تحریک انصاف کے لوگ آئے ان لوگوں نے ابھی چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین شپ کے لئے کوئی فیصلہ نہں کیا ہے۔کنور نوید نے کہا کہ سیاست میں پیسے کا عمل دخل نہیں ہونا چاہئے لیکن پیسے کا عمل دخل خطرناک حد تک بڑھ رہا ہے جو کہ سینٹ کے انتخابات کے موقع پر دیکھنے میں آیا ہے۔تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سینٹ انتخابات میں جسطرح سے پیسہ چلا ہے اس پر ہمیں افسوس ہے جمہوریت زوال پزیر نظر آئی تحریک انصاف کی جانب سے کہا گیا تھا کہ جسطرح سے خواتین کا انتخاب الیکشن میں کیا جاتا ہے اس ہی طرح سے سینٹرز کا انتخاب کیا جائے لیکن ہماری بات نہیں سنی گئی۔ہم یہاں پروپوزل لیکر آئے ہیں کہ چھوٹے صوبوں سے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب کیا جائے بلو چستان سے چیئرمین اور فاٹا سے ڈپٹی چیئرمین منتخب کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ ہمارا اپنا کوئی امیدوار نہیں ہم صرف چھوٹے صوبوں اور علاقوں کو انصاف دلانے کی بات کر رہے ہیں۔اور یہ جمہوریت کے لئے بھی اچھا پیغام ہے۔ لیکن اس حوالے سے کرپشن کے معاملے پر کسی کے ساتھ کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں عمران اسماعیل نے کہا کہ 22اگست کے بعد ایم کیو ایم کے اندر بہت کچھ تبدیل ہوچکا ہے اور جو کچھ ہم ایم کیو ایم کے حوالے سے کہا کرتے تھے وہ پہلے کی ایم کیو ایم کے حوالے تھا۔ دھشت گردی اور دیگر معاملا ت پر ہم اپنے موقف پر قائم ہیں۔