عمران خان اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی ملاقات، چیئرمین سینیٹ کیلئے صادق سنجرانی کا نام فائنل
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجومیں چیئرمین سینیٹ کیلئے صادق سنجرانی کے نام پر اتفاق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے آزاد سینیٹرز کے ہمراہ عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی جس میں انوارالحق کاکڑاور صادق سنجرانی بھی شریک ہوئے،ملاقات میں چیئرمین سینیٹ کے نام پر مشاورت کی گئی اور صادق سنجرانی کے نام پر اتفاق رائے کر لیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا کہناتھا کہ پیپلزپارٹی ڈپٹی چیئرمین کیلئے امیدوار نامزد کرے ہم حمایت کریں گے ،انہوں نے بلوچستان کو کلیدی مقام دینے پر عمران خان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کی تعمیر کیلئے محنت کی ضرورت ہے ،بلوچستان کا احساس محرومی مٹانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے ۔
عمران خان کا کہناتھا کہ پارلیمان اور جمہوریت کی ساکھ بچانے کیلئے شریف خاندان کا مقابلہ ضروری ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان سے کئے وعدے نبھائیں گے ،انہوں نے کہا کہ وعدے کے مطابق پیپلزپارٹی کے ڈپٹی چیئرمین کی حمایت کرینگے ۔