بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائی ، پلوامہ میں 3کشمیری شہید ،ایل او سی پر فائرنگ ، 2کشمیری پاکستانی جاوں بحق

بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائی ، پلوامہ میں 3کشمیری شہید ،ایل او سی پر فائرنگ ...

سرینگر ،چکوٹھی(این این آئی،صباح نیوز)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ شہید ہونیوالے نوجوان یونیورسٹی کے طالب علم تھے اور تعطیلات منانے اپنے گھر آئے تھے۔نوجوانوں کی شہادت پر ضلع بھر کے عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور شہری احتجاج کرتے ہوئے اپنے گھروں سے نکل آئے، مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے بھارتی فوج نے پرانے ہتھکنڈے اپناتے ہوئے بے دریغ ہوائی فائرنگ آنسو گیس کی شیلنگ کی۔دوسری جانب نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے حریت فورم کے چےئرمین میر واعظ عمرفاروقاور حریت رہنما سید علی گیلانی کے بیٹے نسیم گیلانی کو جھوٹے کیس میں آج پیر کو نئی دہلی طلب کرلیا ہے۔انہیں طلب کرنے کیخلاف اتوار کے روز سرینگر کے مختلف علاقوں میں مکمل ہڑتال ہوئی ۔احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے کہ موبائل فون اور شناختی کارڈ چھین لینے کے بعد لوگوں کو مست پورہ فوجی کیمپ پر حاضر ہونے کیلئے کہا جاتا ہے جہاں ان کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ دوسری جانببھارت کا جنگی جنون کم نہ ہوا ، چکوٹھی میں لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے دو شہری شہید اور چار زخمی ہوگئے۔بھارتی فوج نے آزاد کشمیر کے علاقہ چکوٹھی میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق فائرنگ اور گولہ باری سے غلام حسین اور نوشاد بی بی شہید ہوگئے۔زاہدہ بی بی، راجہ محمود، محمد ذاکر اور غلام محمد زخمی ہوئے۔ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔

کشمیر صورتحال

مزید : صفحہ اول