ہندو کونسل کاامسال ہولی تہوار یومِ پاکستان سے منسوب کرنے کا فیصلہ

ہندو کونسل کاامسال ہولی تہوار یومِ پاکستان سے منسوب کرنے کا فیصلہ

کراچی/اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان ہندوکونسل نے بھارتی جارحیت کے خلاف متفقہ طور پر مذمتی قرارداد منظور کرتے ہوئے مادر وطن کے دفاع کیلئے افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے، تفصیلات کے مطابق پاکستان ہندو کونسل کی مینیجنگ کمیٹی کا اہم اجلاس پی ایچ سی ہاس میں منعقد ہوا، اجلاس میں سرپرست اعلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کے حالیہ دورہ انڈیا کو پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کیلئے کلیدی نوعیت کا بھی قرار دیا گیا۔ پاکستان ہندو کونسل نے اپنے اجلاس میں بانی پاکستان قائداعظم اور تحریک پاکستان کے اکابرین کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ہولی تہوار کو یوم پاکستان سے منسوب کرنے کا بھی فیصلہ کیا،واضح رہے کہ رواں برس ہندو قمری کیلنڈر کے مطابق ہولی کا تہوار 20مارچ کو منایا جائے گا۔ سرپرستِ اعلی اور ممبر قومی اسمبلی داکٹر رمیش کمار وانکوانی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہولی کا تہوار روشنی کی اندھیرے اوراچھائی کی بدی پر فتح کی یاد دلاتا ہے، انہوں نے کہا کہ رواں برس پاکستانی محب وطن ہندو کمیونٹی نے ہولی کا تہوار 23مارچ 1940 کے تاریخی جلسے میں قرارداد پاکستان کی منظوری کی یاد میں ایک منفرد انداز میں منانے کا فیصلہ کیا ہے، بیس مارچ کو شری پنچ مکھی ہنومان مندر سولجر بازارکراچی میں ہولی کی رنگارنگ بڑی تقریب میں بے شمار ہندو گھرانے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھائے پاکستان کے ساتھ اپنی لازوال محبت کا اظہار کریں گے، ہولی جشن کا آغاز ساڑھے چھ بجے ہوگا جبکہ تقریب ساڑھے دس بجے اختتام پذیر ہوگی، ڈاکٹر رمیش کمار نے معاشرے کے تمام طبقات سے پھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انکی موجودگی سے قائداعظم کے وژن کے مطابق اقلیتی غیرمسلموں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا ایک مثبت پیغام اجاگر ہوگا۔ پاکستان ہندو کونسل کے اجلاس میں سرپرست اعلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی،صدر گوپال خامانی ، سیکرٹری جنرل پرشوتم رامانی، جوائینٹ سیکرٹری پمن لال راٹھی، فنانس سیکرٹری بھارت کمار منگلانی سمیت دیگر ممبران شریک ہوئے۔

ہولی منسوب

مزید : صفحہ آخر