کوئٹہ پشاور کے غیر ملکی کھلاڑیوں کا کراچی پہنچنے پر شاندار استقبال

کوئٹہ پشاور کے غیر ملکی کھلاڑیوں کا کراچی پہنچنے پر شاندار استقبال

کراچی(آئی این پی) پاکستان سپر لیگ 4 کے پلے آف مرحلے میں کوالیفائی کرنے والی ٹیمیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے غیر ملکی کھلاڑی کراچی پہنچ گئے،جہاں انکا شاندار استقبال کیا گیا۔جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر اور ٹیم منیجر اعظم خان نے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کا بلوچی پگ پہنا کر شاندار استقبال کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹیم کے غیر ملکی کھلاڑیوں میں شین واٹسن، ڈیوائن براوو، رائیلی روسو، ڈیوین اسمتھ اور ہیری گرنی کے علاوہ ٹیم مینٹور سر ویوین رچرڈز بھی شامل تھے۔اس موقع پر غیر ملکی کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ پاکستان آنے کی بہت ہی خوشی ہوئی ہے، پاکستانی مہمان نواز اور مہمانوں کی مہمان نوازی کرنا خوب جانتے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کے کراچی میں شیڈول مقابلوں سے نہ صرف شائقین کو دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے بلکہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی میں بھی مدد ملے گی ۔دوسری جانب پشاور زلمی کا اسکواڈ بھی ڈیرن سیمی کی قیادت میں کراچی پہنچ گیا ہے۔دبئی سے کراچی پہنچنے پر چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پی ایس ایل کے آٹھ میچ کرانا تاریخی موقع ہے، یہ انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی میں بڑا قدم ثابت ہوں گے اور وہ دن دور نہیں جب پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے۔انہوں نے پی ایس ایل کے شاندار انتظامات اور سیکیورٹی پر پی سی بی، وفاقی و صوبائی حکومت اور سیکیورٹی اداروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان آنے والے تمام فرنچائزز کے غیر ملکی کھلاڑیوں کو مہمان اور ہیرو ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی