ملک کو نئے سیاسی اور سماجی معاہدے کی ضرورت ہے، مصطفی کمال

ملک کو نئے سیاسی اور سماجی معاہدے کی ضرورت ہے، مصطفی کمال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ملک کا موجودہ سیاسی نظام ناکام ہو چکا ہے اب ایک نئے سیاسی اور سماجی معاہدے کی ضرورت ہے جس کے ذریعے لوگوں کو وسائل اور اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہوں اور عوامی مسائل لوگوں کی دہلیز پر حل ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال نے عوامی رابطہ مہم کے تحت کورنگی میں چوتھے روز علاقہ مکینوں سے ملاقاتوں میں کیا۔ اس موقع پر علاقہ مکینوں نے سید مصطفیٰ کمال کے سامنے موجودہ وفاقی، صوبائی اور شہری حکومتوں سے ناامیدی کا اظہار کرتے ہوئے مسائل کے انبار لگا دیئے اور کہا کہ وہ سید مصطفیٰ کمال کی قیادت میں پی ایس پی کو ہی نجات دہندہ سمجھتے ہیں اور انکا بھرپور ساتھ دیں گے۔ سید مصطفیٰ کمال نے اس موقع پر کہا کہ ہم نے بغیر کرپشن کیئے اس شہر کو بنایا تھا اور اب بھی اگر بلدیاتی انتخابات میں عوام نے موقع دیا تو موجودہ اختیار کے ساتھ بھی شہر کو 6 ماہ میں بہتر کر دیں گے۔ پی ایس پی کی قیادت غریب و متوسط طبقے سے نکلی ہے اس لیے ہم ہی اس کے مسائل سمجھتے ہیں اور ان کو حل کرنے کا تجربہ بھی رکھتے ہیں۔ موجودہ نظام میں صرف چہرے بدلتے ہیں، نظام نہیں جس کی وجہ سے شہریوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ موجودہ نظام کی سب بڑی خرابی وسائل اور اختیارات کا چند ہاتھوں میں ارتکاس ہونا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کورنگی نمبر 2 کی مارکیٹ کا دورہ کرتے ہوئے تاجروں سے ملاقات کی جہاں انہیں پارٹی کے منشور نیز پیش کردہ 16 نکات سے آگاہ کیا اور ہینڈ بلز تقسیم کئے۔ بعد ازاں سید مصطفیٰ کمال نے علاقے میں قائم قادری مسجد میں نماز عصر ادا کی جس کے باہر علاقہ مکینوں نے انہیں اپنے ساتھ دیکھ کر خوش گوار حیرت کا اظہار کرتے ہوئے انکے ساتھ سیلفیاں بنوائیں اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کورنگی کی امام بارگاہ کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے کمیٹی اراکین سے ملاقات کی اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کے لیے علماء اکرام کی کاوشوں کو سراہا۔ آخر میں سید مصطفیٰ کمال نے یوسی 23 لیبر اسکوئر میں عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔ اس موقع پر خواتین، بزرگوں اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں پی ایس پی میں شمولیت اختیار کی اور سید مصطفیٰ کمال کی قیادت میں انکے شانہ بشانہ ملک کی خدمت کرنے کے جذبے کا اظہار کیا۔

مزید :

صفحہ اول -