اپنے دور میں پی کے ایل آئی قائم کرنا بڑی ترجیح تھی‘شہباز شریف

اپنے دور میں پی کے ایل آئی قائم کرنا بڑی ترجیح تھی‘شہباز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( این این آئی )پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر وقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں جگرکی کامیاب پیوند کاری پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹرسعید اختر، ڈاکٹر فیصل ڈار اور سابق وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو مبارک پیش کرتا ہوں۔ اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ محکمہ صحت کے دیگر افسران، اہلکاروں، طبی اور معاون عملے کی کوششوں کو بھی سراہتا ہوں۔آپ سب لوگ مبارکباد اور شاباش کے مستحق ہیں کہ سرکاری شعبے میں ایسا زبردست ہسپتال بنایا۔اس ہسپتال میں نادار مریضوں کا سو فیصد مفت علاج ہوگا۔اللہ کا شکر ہے کہ اس منصوبے کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے دور میں یہ ہسپتال قائم کرنا ایک بڑی ترجیح تھی، اپنی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے دن رات محنت کی۔ پاکستان میں جگر اور گردے کے تیزی سے بڑھتے امرض کی بنا ء پر یہ ہسپتال بنانے کا فیصلہ ہوا تھا۔اب پاکستان کے عوام کو بھی اپنے ملک میں جگر کی پیوندکار کے علاج کی سہولت میسرآگئی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانیوں کو دیگر ممالک علاج کے لے جانا پڑتا تھا جس کے لئے بھاری وسائل درکار ہوتے تھے۔اب پاکستانی اپنے ملک میں علاج کراسکتے ہیں اور پیسوں کی کمی بھی ان کے راستے کی رکاوٹ نہیں رہی۔
شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -