پی ٹی آئی نے عوام دوست حکمرانی کا نظام متعارف کرایا : شکیل ایڈ وکیٹ

پی ٹی آئی نے عوام دوست حکمرانی کا نظام متعارف کرایا : شکیل ایڈ وکیٹ

پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کے وزیر مال شکیل احمد ایڈوکیٹ نے کہا کہ ان کی حکومت تعلیم، صحت اور انفرسٹرکچر کی ترقی پر بھر پور توجہ مرکوز کئے ہوئی ہے ، عوام کو دوسروں کے رحم و کرم پر قطعاً نہیں چھوڑے گی بلکہ مشکلات میں گھرے لوگوں کا تحفظ یقینی بنائے گی ، حکومت نے تعلیم، صحت اور دوسرے شعبوں کی بحالی اور انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے اربوں روپے کے پیکجز کے اعلانات کئے ہیں ۔ مفاد پرست سیاستدانوں کے کارنامے اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں، پی ٹی آئی نے عوام دوست حکمرانی کا نظام متعارف کرایا ہے اور لوٹ مار کی سیاست کو یکسر ختم کر دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ نیابت میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔وزیر مال نے کہا کہ اُن کی حکومت عوام کو جوابدہ ہے اور عوام کو درپیش مسائل کے خاتمے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک میں صاف و شفاف طرز حکمرانی اور عوامی خواہشات و توقعات کے مطابق اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئی ہے ۔ اُنہو ں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے حکومت کرنے والوں نے ملک کے عوام کو سوائے پریشانی کے کچھ نہیں دیا ان کی حالت بدسے بد ترین ہو گئی تھی جبکہ موروثی سیاسی جماعتوں کے لیڈر اور کارندے اب بھی وہی پرانی بات عوام کے سامنے دہراتے ہو ئے کوئی عار محسوس نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہا کہا پاکستان تحریک انصاف نے ان موروثی سیاسی جماعتوں کے لیڈروں اور کارندوں کا نہ صرف اصلی چہرہ بے نقاب کیا بلکہ قوم کو اپنے تابناک مستقبل کیلئے ایک جرات مند اور صاف و شفاف پلیٹ فارم بھی مہیاکیا ۔وزیر مال نے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانا ہماری اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں قومی وسائل کی ایک ایک پائی کو عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے گی ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر