منی لانڈرنگ کیس،آصف زرداری اورفریال تالپورکی عبوری ضمانت میں 15 مارچ تک توسیع،مقدمہ کی اسلام آباد منتقلی کا فیصلہ محفوظ

منی لانڈرنگ کیس،آصف زرداری اورفریال تالپورکی عبوری ضمانت میں 15 مارچ تک ...
منی لانڈرنگ کیس،آصف زرداری اورفریال تالپورکی عبوری ضمانت میں 15 مارچ تک توسیع،مقدمہ کی اسلام آباد منتقلی کا فیصلہ محفوظ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)بینکنگ کورٹ کراچی نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپورکی عبوری ضمانت میں 15 مارچ تک توسیع کردی اور مقدمہ کی کراچی سے اسلام آبادمنتقلی پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو 15 مارچ کو سنایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق بینکنگ کورٹ کراچی میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی ،سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی،سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ آصف زرداری قومی اسمبلی اجلاس میں مصروف ہیں،عدالت سے استدعا ہے کہ سابق صدر کو آج حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔
دریں اثنا فاروق ایچ نائیک نے نیب کی مقدمہ منتقلی کی درخواست اعتراض دائر کردیا۔اعتراضات آصف زرداری،فریال تالپورنے جمع کرائے ۔فاروق ایچ نائیک نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں مقدمہ منتقل کرنے کی ہدایت نہیں کی،اس لئے مقدمہ اسلام اباد منتقل کرنے کا کوئی جواز نہیں۔
عدالت نے آصف زرداری کے اعتراضات کی نقول نیب پراسیکیوٹرکوفراہم کر دیں،نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب نے مقدمہ نیب کورٹ اسلام آبادمنتقل کرنے کی منظوری دی ۔مقدمہ سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں منتقل کیاجارہاہے،پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ اعتراضات بلاجوازہیں،کیس کانیب ریفرنسز سے کلیدی تعلق ہے۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے 2004 کے فیصلے کے مطابق ملزمان کو شوکارنوٹس دینے کی ضرورت نہیں۔
سابق صدر آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے کہا کہ نیب آرڈیننس کے سیکشن اے 16 کا جائزہ لیناضروری ہے ،نیب نے غلط دعویٰ کیا کہ سپریم کورٹ نے مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا،جے آئی ٹی رپورٹ میں ایف آئی اے کے مقدمہ کا ذکر نہیں ۔فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ نیب کو مزید تحقیقات کیلئے دوماہ کا وقت دیا جو ختم ہو چکاہے،سپریم کورٹ کے حکم کی آڑ میں بینکنگ کورٹ پر دباﺅ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے ،فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ نیب کی مقدمہ منتقلی کی درخواست ناقابل سماعت ہے مستردکی جائے ۔
بعدازاں سابق صدر کی ہمشیرہ فریال تالپورعدالت پہنچ گئیں،ان کا کہناتھا کہ راستہ بلاک تھااس لئے تاخیرہوگئی ہے۔
عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر مقدمہ کی اسلام آبادمنتقلی کا فیصلہ محفوظ کر لیا جو 15 مارچ کو سنایا جائے گا،عدالت نے آصف زرداری ،فریال تالپور اور دیگر کی عبوری ضمانت میں 15 مارچ تک توسیع کردی۔