’عورت مارچ‘ کے جواب میں ’ مرد مارچ‘ کا اعلان ، مرد اپنے حقوق کیلئے کس روز آواز بلند کریں گے؟ آپ بھی جانئے
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) عالمی یوم خواتین کے موقع پر ’عورت مارچ‘ کے جواب میں ’ مرد مارچ‘ کا اعلان کردیا گیا ہے جو 24 مارچ کو کراچی میں نکالا جائے گا۔
8 مارچ کو عالمی یوم خواتین کے موقع پر پاکستان کے بڑے شہروں میں خواتین نے اپنے حقوق کیلئے ریلیاں نکالیں جنہیں ’ عورت مارچ‘ کا نام دیا گیا۔اس کے جواب میں کچھ منچلوں نے مردوں کے حقوق کیلئے ’ مرد مارچ‘ کے انعقاد کا بھی اعلان کردیا۔
’مرد مارچ ‘ کیلئے 24 مارچ کی تاریخ رکھی گئی ہے ، اس کا آغاز کراچی کے فریئر ہال سے کیا جائے گا۔ مرد مارچ کیلئے فیس بک پر ’ایونٹ‘ بھی تخلیق کردیا گیا ہے جبکہ ٹوئٹر پر بھی ’ مرد مارچ‘ ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہوچکا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس بھی خواتین کی جانب سے عالمی یوم خواتین پر جو نعرے لگائے گئے تھے ان کے جواب میں مرد حضرات کی جانب سے جوابی نعرے بھی تیار کیے گئے تھے۔