پشاور بارش سے گھر کی چھت گرگئی 2خواتین سمیت 3افراد جاں بحق، نیا سسٹم پنجاب میں داخل

پشاور بارش سے گھر کی چھت گرگئی 2خواتین سمیت 3افراد جاں بحق، نیا سسٹم پنجاب میں ...

  

کوہاٹ، لاہور(این این آئی، لیڈی رپورٹر) پشاور کے قبائلی سب ڈویژن حسن خیل میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے دو خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے3 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق افراد میں دادی، پوتا اور پوتی شامل ہیں۔موصولہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز قبائلی سب ڈویژن حسن خیل کے علاقے شامت خیل میں واقع ایک گھر کی چھت بارش کے باعث بوسیدہ ہوکر زمین بوس ہوگئی جس کے ملبے تلے آکر کمرے میں موجود ڈاکٹر نورزالی شاہ کی والدہ، جواں سالہ عالمہ بیٹی اور جواں سالہ حافظ قرآن بیٹا جمال موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد جائے وقوعہ پہنچ گئے اور امدادی کاروائیاں شروع کرکے ملبے سے تینوں لاشوں کو نکالا۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ شام تینوں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ پڑھائی گئی۔اس موقع پر ایک ہی گھر سے تین افراد کے جنازے اٹھنے پر رقت آمیز مناظر دیکھے گئے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔آج رات سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم لاہور سمیت پنجاب بھر میں داخل ہو چکا ہے جس کے باعث بادل چھما چھم برسنے کو تیار ہیں، نشیبی علاقوں میں سیلاب اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، بارشوں کا نیا سلسلہ جمعے تک جاری رہے گا۔

چھت گر گئی

مزید :

صفحہ آخر -رائے -