وزیراعلی پنجاب سے اپوزیشن ارکان اسمبلی کی ملاقات، غیر مشروط حمایت کی یقین دہانی، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کانوٹس

  وزیراعلی پنجاب سے اپوزیشن ارکان اسمبلی کی ملاقات، غیر مشروط حمایت کی یقین ...

  

لاہور (جنرل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی) مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب کو حکومت کی غیر مشروط حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرادی۔ذرائع کے مطابق اس اہم ملاقات میں سیاسی صورتحال اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ صوبے کے عوام کی خدمت کیلئے مل کر کام جاری رکھیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں نشاط احمد ڈاھا، غیاث الدین، چودھری اشرف علی، فیصل خان نیازی، غضنفر علی خان، محمد ارشد، اظہر عباس اور سابق ایم این چودھری طاہر بشیر چیمہ بھی شامل تھے۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی نے اعلان سردار عثمان بزدار کو یقین دہانی کرائی کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کا اراکین اسمبلی سے کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کی خدمت کے سفر میں آپ کو ساتھ لے کر چلیں گے اور عزت واحترام دیں گے۔لیگی رہنما نشاط ڈاہا نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے حلقے کے مسائل کے حل کیلئے ملا ہوں،حمزہ شہباز کے ساتھ میرے اختلافات چل رہے ہیں، ابھی تک مسلم لیگ (ن) میں ہوں اور اگرکوئی پارٹی سے نکالنا چاہتا ہے تو نکال دے۔نشاط ڈاہا کا کہنا تھا کہ ہاں میں لوٹا ہوں تو ملک میں کون لوٹا نہیں، پی ٹی آئی میں سارے لوٹے ہیں، نواز شریف، یوسف رضا گیلانی، شاہ محمود قریشی سب لوٹے ہیں۔دوسری جانبمسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہبا ز نے لیگی راکین اسمبلی کی وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کانوٹس لے لیا۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ لیگی اراکین اسمبلی کی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کے معاملے پرپارٹی میں مشاورت ہو گی اور جو بھی فیصلہ ہو گا اس کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ لوگ بھوک سے مر رہے ہیں اور حکمران وفاداریاں تبدیل کرانے میں مصروف ہیں، مسلم لیگ (ن) کے اراکین کی وفاداریاں تبدیل کرنے کی کوششیں پہلے ناکام ہوئی ہیں، آج الیکشن ہو جائے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہباز نے کہا کہجو توقعات اور سبز باغ دکھائے گئے وہ بجلی ا ور گیس کے بلوں کی صورت میں بم بن کر برسے ہیں،ہر چیز کا منطقی انجام ہوتا ہے لیکن حکمرانوں سے مہنگائی کنٹرول نہیں ہورہی۔انہوں نے کہا کہ 20 ماہ ہو گئے ہیں میری ایک ہی بات ہے اگر یہ حکومت ن لیگ کی نسبت 25 فیصد بھی پرفارم کر جائے تو شاباش دوں گا،معیشت کے برے حالات ہیں،سفید پوش طبقہ اور تاجر برادری معیشت کا رونا رو رہے ہیں،عوام کو تشویش ہے اگر حکومت کی کارکردگی اسی طرح جاری رہی تو ہم مزید سیاسی گرداب میں پھنس جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نیازی نے کنٹینر پر چڑھ کر اس قوم کو سبز باغ دکھائے تھے، اس قوم کے سینے پر مہنگائی کے جو زخم لگائے ہیں، تمہیں اس کا حساب دینا ہو گا، ہم گھبرانے والے نہیں۔انہوں نے کہا کہ احتساب کے نام پر تماشہ ہورہاہے پوری قوم دیکھ رہی ہے نیازی حسد اور بغض کی آگ میں جل رہے ہیں احتساب نہیں انتقام اور تماشا کیاجارہاہے۔انہوں نے کہا کہ آج معیشت کا برا حال ہے غریب آدمی اپنے بچوں کی دو وقت کی روٹی پورے کرنے سے قاصر ہے۔اگر آج معاشی حالات پر سیاسی حل تلاش نہ کیا صرف الزام تراشی کی تو آنے والی نسل ہمیں معاف نہیں کرے گی۔دریں اثنا پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی نے وزیراعلیٰ پنجا ب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کے حوالے سے غضنفر علی سے جواب طلب کرلیا۔ پیپلزپارٹی پنجاب کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضی کا کہنا ہے کہ میرے علم میں غضنفر علی کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی بات آئی ہے جس پر ان سے جواب مانگ لیا ہے۔ان کا جواب آنے کے بعد آئندہ لائحہ عمل طے کریں گے۔

وزیراعلیٰ /ملاقاتیں

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثما ن بزدارنے کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایئرپورٹس پر بیرون ملک سے آئے مسافروں کی سکریننگ کا میکانزم فول پروف بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے، وفاقی حکومت اورمتعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے جبکہ ڈاکٹرز،نرسز اورپیرا میڈیکل سٹاف کی ٹریننگ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی ہنگامی اجلاس میں کیا۔جس میں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال،احتیاطی تدابیر اورحفاظتی اقدامات کا جائزہ لیاگیا جبکہ اجلاس میں صوبے کے عوام کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو اس وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے جو انسانی بس میں ہوا،وہ اقدام اٹھایاجائے گا۔علاوہ ازیں ایک دوسرے اجلاس میں سیکرٹری آبپاشی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو چھوٹے ڈیموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مختلف شہروں میں فلڈ بند،سپراورتالاب بنانے کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیاگیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانی قیمتی اثاثہ ہے،اسے ہر قیمت پر ضائع ہونے سے بچائیں گے۔ چھوٹے ڈیم بننے سے ہزاروں ایکڑ اراضی کو بنجر ہونے سے بچایا جاسکے گا۔ڈیم اورآبی ذخائر بننے سے زیر زمین پانی کا لیول بلند ہوگا۔چھوٹے ڈیم اورآبی ذخائر بنا کر پینے کے پانی کی ضروریات پوری کریں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ چھوٹے آبی ذخائر کے پراجیکٹ جلد مکمل کیے جائیں۔

سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -