خواجہ برادران کی درخواست ضمانت پر سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی

  خواجہ برادران کی درخواست ضمانت پر سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی

  

اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ میں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کی درخواست ضمانت پر سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کر دی گئی۔منگل کو سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت کے دور ان نیب نے تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت کی استدعا کی جس پر عدالت نے التوا کی درخواست منظور کر لی۔جسٹس مقبول باقر نے نیب پراسیکیوٹر سے سوال کیا کہ آپ التوا کیوں مانگ رہے ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ کچھ اضافی دستاویزات اور تحقیقاتی رپورٹ جمع کرانی ہے۔ جسٹس مقبول باقر نے نیب پراسیکیوٹر پربرہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ آپ معاملے کو سنجیدگی سے کیوں نہیں لے رہے۔ جسٹس مقبول باقر نے کہاکہ آپ گزشتہ پندرہ ماہ سے اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے کہاکہ آپ نے ابھی تک ریفرنس بھی دائر نہیں کیا۔ وکیل اشتراوصاف نے کہاکہ ریفرنس دائر ہو گیا ہے اور چارج بھی فریم ہو گیا ہے، اس معاملے میں کچھ الزامات پر سیٹلمنٹ بھی ہو چکی ہے۔ جسٹس مقبول باقر نے کہاکہ ایک ہفتے میں تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں۔ عدالت نے کہاکہ ایک ہفتے میں تحقیقاتی رپورٹ اور سمری جمع کرائی جائے، تمام متعلقہ دستاویزات سمری کے ساتھ لگائیں۔ عدالت نے کہاکہ رپورٹ درخواست گزار کے وکیل کو تین دن پہلے دیں۔کیس کی سماعت آئندہ منگل تک ملتوی کر دی گئی۔

خواجہ برادران+

مزید :

صفحہ اول -