جھوٹی خبروں،ریاض ماسکو تنازع سے سٹاک مارکیٹ گری، تیل سستا ہوا،صدر ٹرمپ

  جھوٹی خبروں،ریاض ماسکو تنازع سے سٹاک مارکیٹ گری، تیل سستا ہوا،صدر ٹرمپ

  

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تیل اور سٹاک مارکیٹس کریش کرنے کی وجہ جھوٹی خبروں کو قرار دیدیا۔دنیا بھر کی معیشت کورونا وائرس کے باعث متاثر ہوگئی ہے اور ائیرلائنز، سیاحت سمیت کئی شعبوں کو اربوں ڈالرز کے نقصان کا اندیشہ ہے۔ تیل کے معاملے پر جاری سعودی عرب اور روس کے درمیان تنازعے نے عالمی معیشت کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے جس کے بعد تیل کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان جاری تنازعے کی وجہ سے دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹس بھی کریش کرگئی ہیں۔ اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ انفلوئنزا سے پچھلے سال امریکہ میں 37 ہزار افراد ہلاک ہوئے مگر کچھ بھی بند نہیں ہوا، معیشت اور زندگی چلتی رہی ہیں۔انہوں نے کرونا وائرس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت امریکہ میں 546 مصدقہ کیسز ہیں اور 22 اموات ہوئیں، لہٰذا اس بارے میں ذرا سوچیں۔روس اور سعودی تنازع پر انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور روس کے درمیان تیل کی پیداوار اور قیمتوں پر تنازع چل رہا ہے اور جھوٹی خبروں سے مارکیٹ گری ہے۔ان کا کہنا تھا صارفین کیلئے اچھا ہے کہ ایندھن کی قیمتیں کم ہوگئی ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سعودی عرب اور روس میں خام تیل کی قیمت کی جنگ چھڑنے کے بعد دوران ٹریڈنگ برینٹ کروڈ کی قیمت 20 فیصد سے زائد کی کمی کے ساتھ 35.36 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی تھی جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 22 فیصد تک کمی کے بعد 31.79 ڈالر فی بیرل پر آگئی تھی۔تیل کی قیمتیں 1991 کی خلیج جنگ کے بعد اب تک سب سے زیادہ گراوٹ کا شکار ہیں جس کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹس بھی مندی کا شکار ہیں۔امریکی سرمایہ کار کمپنی گولڈمین ساکس نے پیش گوئی کی ہے کہ تیل کی قیمتیں 20 ڈالر فی بیرل تک گرسکتی ہیں۔

ٹرمپ

مزید :

صفحہ اول -