نواز شریف شاہانہ زندگی میں مشغول، سرنڈر کرکے سزا پوری کریں،پنجاب حکومت

  نواز شریف شاہانہ زندگی میں مشغول، سرنڈر کرکے سزا پوری کریں،پنجاب حکومت

  

اسلام آباد(آن لائن)نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کرنے سے متعلق پنجاب حکومت کا خط منظر عام پر آگیا ہے۔سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کرنے سے متعلق پنجاب حکومت کی جا نب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق نواز شریف سرنڈر کرکے اپنی سزا پوری کریں، نواز شریف اچھی صحت کیساتھ لندن میں لگژری لائف انجوائے کر رہے ہیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ ریکارڈ پر ایسا کچھ نہیں کہ نواز شریف کسی ہسپتال میں ایک دن بھی داخل رہے یا کافی حد تک ان کا علاج جاری ہے، نواز شریف لندن کے جن ہسپتالوں سے علاج کروا رہے ہیں ان کی مصدقہ رپورٹ پیش کرنے میں ناکام رہے جبکہ سابق وزیراعظم کی دل اور خون سے متعلقہ بیماریوں کی پی ای ٹی سکین رپورٹ مانگنے کے باوجود پیش نہیں کی گئی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پلیٹ لیٹس، بائیو کیمیکل اور بون میرو کی اگر تشخیص ہوئی ہو تو اس کی بھی مصدقہ میڈیکل رپورٹس نہیں دی گئیں، لندن کے متعلقہ ہسپتالوں کے آفیشل لیٹر ہیڈ پر مصدقہ رپورٹس پنجاب حکومت کی کمیٹی نے طلب کی تھیں، کمیٹی نے لندن کے تھامس ہسپتال اور لندن بریج ہسپتال کے آفیشل لیٹر ہیڈ پر رپورٹس مانگیں۔12 فروری کو نواز شریف کی بیماری کی مکمل جانچ پڑتال کیلئے ایک اور کمیٹی تشکیل دی گئی جبکہ کمیٹی نے19فروری سے21 فروری تک لگاتار تین روز اجلاس جاری رکھا جس میں ڈاکٹر عدنان اور عطا اللہ تارڑ کو سنا گیا،3 روزہ اجلاس کے بعد کمیٹی نے حتمی کہا کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس طے کردہ طریقہ کار کے مطابق پیش نہیں کی جا سکیں، ڈاکٹر عدنان کی جانب سے رپورٹس فراہمی میں ناکامی پر پنجاب کابینہ نے ضمانت میں توسیع مسترد کرنے کا فیصلہ کیا۔خط کی کاپی سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث، نیب، وزارت قانون، آئی جی پنجاب اور رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کو فراہم کردی گئی۔

پنجاب حکومت/خط

مزید :

صفحہ اول -