الخدمت فاؤنڈیشن کا نعمت اللہ خان کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

الخدمت فاؤنڈیشن کا نعمت اللہ خان کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

  

لاہور(پ ر)الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت سابق صدر الخدمت فاؤنڈیشن اور سابق میئر کراچی نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ مرحوم کو ان کی بے پایاں خدمات کے اعتراف میں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے دی پنجاب سکول میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں صدرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمد عبدالشکور،سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص،نائب صدر ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ، سیکرٹری جنرل شاہد اقبال، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم،سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی،ہارون الرشید،فرزند نعمت اللہ خان، کلیم اقبال،صدر الخدمت وومن ونگ کلثوم فاطمہ رانجھا سمیت ممتازسیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔محمد عبدالشکور نے کہا کہ نعمت اللہ خان دکھی انسانیت کی خدمت کا استعارا ہیں اور ہم ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے خدمت انسانی کا مشن جاری رکھیں گے۔آپ کی خدمات کے اعتراف میں تھر کے علاقے مٹھی میں قائم الخدمت تھر ہسپتال کا نام تبدیل کرکے الخدمت نعمت اللہ خان تھر کمپلیکس رکھا جائے گا۔امیر العظیم نے کہا کہ انسان ہوتے ہوئے انسانی اوصاف کا کمال ان کی ذات میں موجود تھا۔مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ خدمت میں عظمت ہے اور خدمت کا نام ہی نعمت اللہ خان ہے۔ہارون الرشید نے کہا کہ نعمت اللہ خان مکمل طور ایک بے ریا اور متوکل انسان تھے۔ عاصم چغتائی نے نعمت اللہ خان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ترانہ پیش کیا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -