تعلیم سماجی رویوں میں مثبت تبدیلی لاتی ہے،پروفیسر امجد

تعلیم سماجی رویوں میں مثبت تبدیلی لاتی ہے،پروفیسر امجد

  

لاہور(پ ر)ریکٹر یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر امجد علی خان نے کہا ہے کہ تعلیم کا مقصد طلبا کی نصابی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ سماجی رویوں میں مثبت تبدیلی بھی لانا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے زیر اہتمام سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی اچھی عادات کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے اور ان کی یہی عادات مستقبل میں ان کی کردار کی عکاسی کرتی ہیں جبکہ بچوں کی منفی عادات ملک کے مستقبل اور معاشرے کو تاریک بنا سکتی ہیں۔ریکٹر یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز نے کہا کہ ہمیں بچوں کے رویوں میں مثبت تبدیلیاں لا کر ملک کا مستقبل روشن اورتابناک بنانا ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ عدم برداشت کے باعث منفی تاثر عام ہوتا جا رہا ہے جس سے سماجی روایات اور ثقافت بھی متاثر ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انسانی رویوں میں تبدیلی تعلیم ہی کی بدولت ہے اور اسی سے ملک کا مستقبل روشن ہو سکے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین پی ایچ اے گجرانوالہ ایس اے حمید نے کہا ہے کہ تعلیم انسان کے کردار کی عکاسی کرتی ہے اور تعلیم ہی سے انسان کی شخصیت میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ تعلیم سے مثبت تربیت کا عمل آسان ہو جاتا ہے اور اسی سے معاشرے کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر چیمبر آف کامرس گوجرانوالہ میاں عمر سلیم نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں کی قلت کے باعث نجی تعلیمی ادارے فروغ تعلیم کے حوالے سے اہم کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کی بدولت ہی ملک میں معیاری اور جدید سہولیات سے آراستہ تعلیمی عمل فروغ پا رہا ہے جو کہ قابل ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ طلبا کو نصابی تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ ان کی مثبت تربیت پر بھی خصوصی توجہ دینی چاہیے یہی طلبا مستقبل میں پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کریں گے۔تقریب کے اختتام پر کامیاب طلبا میں شیلڈز اور انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ اس موقع پر طلبا نے خاکے اور پرفارمنسز پیش کیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -