تاجر برادری فلسطین کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے: سفیر

تاجر برادری فلسطین کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے: سفیر

  

راولپنڈی (کامرس ڈیسک)پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد جواد ربی نے کہاہے کہ ان کا ملک پاکستان کو اپنا بھائی اور بااعتماد دوست تصور کرتا ہے۔ پاکستان اسلامی دنیا کا انتہائی اہم ملک ہے اور اتحاد بین المسلمین کیلئے اس کا کردار قابل ستائش ہے۔فلسطین کے 50ہزار سے زائد طلبا پاکستانی یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل ہیں جو فلسطین کی ترقی کے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر صدر چیمبر صبور ملک سے گفتگو کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ فلسطین پاکستان کے مابین معاشی تعاون کو فروغ دینے کیلئے دونوں ممالک کی تاجر برادری کے مابین روبطوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ سفیر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستا ن میں شجرکاری کی مہم کو آگے بڑھانے کے لیے دس لاکھ زیتون کے پودے دے گا۔ انہوں نے کہا کہ فارما سوئیٹکل، فوڈ، کھجور، سیاحت اور سروسز کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھایا جا سکتا ہے۔سفیر تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں راولپنڈی چیمبر کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر صدر چیمبر صبور ملک نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور تاجربرادری کے دل فلسطینی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ تاجربرادری فلسطین پر اسرائیلی مظالم اور پرتشدد کاروائیوں کی سختی سے مذمت کرتی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان نجی شعبے کا تعاون ناگزیر ہے۔ چیمبر آف کامرس اور وفود کی سطح پر تبادلوں کے ذریعے باہمی تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے سفیر کو چیمبر کی جاری سرگرمیوں پر ایک مختصر بریفنگ بھی دی۔انہوں نے سفیر کو راول ایکسپو 2020میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر نوشیر وان خلیل، نائب صدر حمزہ سروش، سابق صدور، مجلس عاملہ کے اراکین اور چیمبر ممبران بھی موجود تھے۔

مزید :

کامرس -