سرمایہ کار اسلامی بینکاری سے فائدہ اٹھائیں: منصور احمد کھو کھر

  سرمایہ کار اسلامی بینکاری سے فائدہ اٹھائیں: منصور احمد کھو کھر

  

فیصل آباد (کامرس ڈیسک) دوبئی اسلامک بینک روایتی بینکوں کی طرف سے مہیا کی جانے والی تمام سہولتیں اسلامی طریقہ کار کے تحت مہیاکر رہا ہے جن میں گھر کی خریداری، تزئین وآرائش، کار اور بزنس فنانس بھی شامل ہے۔ یہ بات بینک کے کلسٹر مینیجر ڈسٹری بیوشن منصور احمد کھوکھر نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ دبئی اسلامک بینک دنیا کا پہلا اسلامی بینک ہے جو 1975ء میں دوبئی میں قائم ہوا جبکہ 2005میں اس کا آغاز پاکستان میں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ بزنس کمیونٹی اسلامی بینکاری کی طرف آئے اس طرح نہ صرف تاجروں کو فائدہ ہوگا بلکہ اسلامی بینکاری کے حجم میں بھی اضافہ ہوگا۔سیل ہیڈ محمد اشفاق نے عالمی کساد بازاری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں اسلامی بینکاری سے بزنس کمیونٹی کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔ کارفنانس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بینک نے لوگوں کی سہولت کیلئے اَپ فرنٹ انشورنس صفر کر دی ہے جبکہ چیمبر کے ملازمین کیلئے خصوصی پیکج بھی دیا جا سکتا ہے جس میں ان کو فنانس مارکیٹ سے کم از کم ڈھائی فیصد کم پر مل سکے گا۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے بتایا کہ دوبئی بینک کی کئی پراڈکٹس بہت فائدہ مند ہیں جن سے بزنس کمیونٹی کو فائدہ اٹھانا چاہیے تاہم انہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ کے شعبہ میں مندی کی وجہ سے ہاؤس فنانس کے بارے میں لوگوں کے تحفظات ہیں جن کو دور کیا جانا چاہیے۔صدر نے مزید کہا کہ آپ بینک کی طرف سے فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں انہیں تحریری طور پر آگاہ کریں تاکہ ان کوممبران کی آگاہی کیلئے فوری طور پر سرکولیٹ کیا جا سکے۔

اس موقع پر ایگزیکٹو ممبر ایوب اسلم منج اور دیگر ممبروں نے سوال و جواب کی نشست میں حصہ لیا۔ جبکہ آخر میں انجینئر بابر شہزاد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

مزید :

کامرس -