قائد اعظم بزنس پارک کا افتتاح رواں ماہ ہو گا: میاں اسلم اقبال

  قائد اعظم بزنس پارک کا افتتاح رواں ماہ ہو گا: میاں اسلم اقبال

  

لاہور(لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت منگل کے روز یہاں سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں سپیشل اکنامک زونز کا قیام،انفراسٹرکچر کی فراہمی،انڈسٹریل اسٹیٹ کی آبادکاری اور قائداعظم بزنس پارک کی افتتاحی تقریب کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پرچیئرمین پیڈمک نبیل ہاشمی،ایڈیشنل سیکرٹری صنعت وتجارت اشعر زیدی،سی ای او پیڈمک اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں نئے سپیشل اکنامک زونز کے قیام سے صنعتی انقلابی برپا ہو گا۔ نئے صنعتی زونز کا قیام وزیراعظم عمران خان کے مستحکم پاکستان ویژن کا عکاس ہے۔موٹروے ایم ٹوشیخوپورہ انٹر چینج کے قریب پاکستان کا واحد سمارٹ انڈسٹریل زون قائداعظم بزنس پارک بنایا جارہا ہے اوراس بزنس پارک کا رواں ماہ کے آخر میں افتتاح ہو گا۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ قائداعظم بزنس پارک میں عالمی معیار کا انفرسٹرکچر،ون ونڈ آپریشن،فیکٹر ی آؤٹ لیٹ اور ایکسپو سنٹر کی سہولت بھی ہو گی۔سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو درآمدی مشینری پر ٹیکس کی چھوٹ اور دیگر خصوصی مراعات حاصل ہو ں گی۔وزیر صنعت نے کہا کہ فیصل آباد میں بننے والے پہلے ترجیحی صنعتی زون میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کارسرمایہ کاری کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ علامہ انڈسٹریل سٹی فیصل آباد میں صنعتیں لگنے سے لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پنجاب میں نئی سرمایہ کاری لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔سازگار ماحول اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتوں کی فراہمی کے ذریعے سرمایہ کاری کو فروغ دیا جارہا ہے۔

مزید :

کامرس -