محکمہ صحت سندھ میں شہریوں کے داخلے پر پابندی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)محکمہ صحت سندھ کی جانب سے اپنے دفاتر میں شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔فوکل پرسن محکمہ صحت کے مطابق خطرناک کورونا وائرس سے بچاو کے اقدامات کرتے ہوئے سندھ سیکریٹریٹ میں محکمہ صحت کے دفاتر میں ملازمین کے علاوہ دیگر افراد کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔فوکل پرسن محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ہم ہنگامی حالت میں ہیں جس کی وجہ سے دروازے بند کئے گئے ہیں۔دوسری جانب تیزی سے پھیلتے کورونا وائرس سے بچاو کے اقدام کے لیے سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے بھی اپنے تمام ملازمین کی فنگر پرنٹ حاضری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق کورونا کے پھیلاو کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر کرتے ہوئے ہائیکورٹ ملازمین کی حاضری چہرے کی شناخت سے کی جائے۔اعلامیہ کے مطابق کورونا کی موجودگی تک ملازمین کی حاضری چہرے کی شناخت سے ہوگی۔