گورنر صاحب، دعائیں آپ کی منتظرہیں

گورنر صاحب، دعائیں آپ کی منتظرہیں

  

تجزیہ ایثار رانا

گورنر چودھری سرور اگر لاہور والوں کیلئے صرف ایک کام کر دیں تو لاہوریئے تمام عمر انہیں دعائیں دیں گے۔پنجاب میں صاف پانی کیلئے گورنر سرور کی کوششوں سے انکار ممکن نہیں اور اب تو وہ صاف پانی کے لئے اتھارٹی بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ لاہور میں فلٹریشن پلانٹس کی صورتحال انتہائی مایوس کن اور افسوس ناک ہے۔زنگ آلود پائپس اور آؤٹ ڈیٹڈ فلٹرز لیکن میں یہاں اس المیے سے بھی بڑے المیے کی جانب ان کی توجہ دلانا چاہتا ہوں۔ لاہور کے ساٹھ فیصد علاقوں میں واسا کی جانب سے پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ اگر اسے جانوروں کو پلا دیا جائے تو وہ بھی قے کرتے کرتے دم توڑ جائیں۔گٹر اور سیوریج سے ملا یہ پانی اتنا بدبو دار ہے کہ نلکا کھلنے پر پورے گھر میں تعفن پھیل جاتا ہے، یہ پانی پینا تو درکنار برتن،کپڑے دھونے اور نہانے کے استعمال کے بھی قابل نہیں۔ صورتحال یہ ہے کہ غریب شہری اس پانی کو استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ جس سے شہر میں ہیپائٹس، یرقان، آنتوں کی بیماریاں، پولیو اور کینسر جیسے مرض پھیل رہے ہیں۔ یہ ایک دکھ کی بات تو ہے ساتھ ساتھ ایک سوالیہ نشان بھی ہے کہ وزیر اعظم پورٹل پر شکایات اخبارات میں خبروں اور ایم ڈی واسا سے لیکر یہ متعلقہ ذمہ دار کے دروازوں پر بار بار دستک اور دہائیوں کے کہیں سے امید کی کرن نظر نہیں آ رہی۔ حیرت ہے نئے پاکستان کی بے حسی اپنے عروج پر ہے۔ میں نے نواب آف کالا باغ کا دور دیکھا تو نہیں پڑھا اور سنا ضرور ہے۔ گورنر کتنا طاقتور ہو سکتا ہے، اس کا اندازہ بھی ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ اس انسانی المیے اور واسا افسران کی غیر انسانی بے حسی کی اطلاعات وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور گورنر سرورکو نہیں پہنچتیں ورنہ یہ کیسے ممکن ہے کہ اکیسویں صدی اور کمیونی کیشن کی معراج کے دور میں انہیں اس بات کا علم نہ ہو، اگر سیوریج کے پائپ تبدیل کرنا ممکن نہیں تو کیا واسا افسران کے گریبانوں میں ہاتھ بھی نہیں ڈالا جا سکتا، گڈ گورننس کا تقاضایہی ہے کہ کوئی تو اس بات کا ایکشن لے۔ کوئی تو اس بگڑی بیورو کریسی کو طلب کرے جو عوام کے پیسے پر عیش کرتے اور بدلے میں انہیں زہر پینے کو دے رہے ہیں، معروف کالم نگار سید عارف نوناری کی کتابوں کی تقریب میں چودھری سرور نے اس بات کا برملا اظہار کیا کہ پنجاب کو صاف پانی پہنچانا ان کا عزم ہے، چودھری سرور پر میرا یقین ہے اور مجھے یہ امید ہے کہ وہ لاہور میں گندے بدبو دار مضر صحت پانی کی فراہمی پر ضرور ایکشن لیں گے، واسا کے بگڑے رئیسوں کو ضرور طلب کریں گے۔ ان کا احتساب کریں گے لاہوریوں کی دعائیں چودھری سرور کیلئے تیار ہیں۔

صاف پانی

مزید :

تجزیہ -