نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے ارکان کی محمد مالک کے مزار پر حاضری

  نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے ارکان کی محمد مالک کے مزار پر حاضری

  

لاہور (لیڈی رپورٹر) تحریک پاکستان کے اولین شہید محمد مالک کی برسی کے سلسلے میں نظریہئ پاکستان ٹرسٹ کے عہدیداران وکارکنان نے ان کے مزار پرحاضری دی،پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ تحریک پاکستان کے نامور کارکن کرنل(ر) محمد سلیم ملک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم محمد مالک شہید کی تحریک پاکستان کیلئے دی جانے والی قربانی کے حوالے سے انہیں خراج عقیدت پیش کرنے یہاں آئے ہیں۔ 1946ء کے انتخابات میں پنجاب میں مسلم لیگ نے کامیابی حاصل کی تھی لیکن یونینسٹ پارٹی نے ہندو ؤں اور سکھوں کے ساتھ مل کر حکومت بنالی، طلبہ کا ایک جلوس اسلامیہ کالج لاہور سے نکلا تو کالج کی چھت سے ہندو اور سکھ طلبہ نے اینٹیں برسانا شروع کر دیں۔ایک اینٹ محمد مالک کو آکر لگی جس سے وہ زخمی ہو گئے اور پھر زخموں کی تاب نہ لا کر شہید ہو گئے۔

اس جلوس میں مجید نظامی بھی شامل تھے اور وہ اکثر کہا کرتے تھے کہ محمد مالک شہید کے خون کے چھینٹے میری قمیص پر پڑے اور وہ خون آلود ہو گئی۔ ان کی شہادت نے طلبہ کے حوصلے اور عزم کو مزید مضبوط کیا۔محمد مالک شہید شریف اور سادہ طبیعت کے مالک تھے۔ ان کی شہادت کے بعد قائداعظمؒ مادر ملتؒ کے ہمراہ ان کے مزار پر آئے اور فاتحہ خوانی کی۔ کرنل(ر) محمد سلیم ملک نے کہا کہ ان شہداء کی قربانیوں کو یاد کرنے کا مقصدیہ ہے کہ ہم ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کیلئے اپنا سب کچھ قربان کردیں۔طلبہ نے بھی تحریک پاکستان میں نمایاں کردار ادا کیا،آج طلبہ کا یہ فرض بنتا ہے کہ محمد مالک شہید کی طرح اپنا تن،من،دھن پاکستان کیلئے قربان کرنے کو تیار رہیں اور اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -