قوموں کی ترقی کا راز،تعلیم میں مضمر ہے،عبدالسلام آفریدی

  قوموں کی ترقی کا راز،تعلیم میں مضمر ہے،عبدالسلام آفریدی

  

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن عبد السلام آفریدی نے کہاہے کہ قوموں کی ترقی کا راز تعلیم میں مضمر ہے۔طلباء کو جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم اور ہنر سکھائے جا رہے ہیں تاکہ وہ مستقبل میں ملک و قوم کی بہتر انداز میں خدمت کر سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ہایئر سیکنڈری سکول بغدادہ میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر محمد زاہد،سکول کے پرنسپل اشرف علی نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر ضلع کونسل کے سابق رکن ملک الیاس اور سابق تحصیل کونسلر اشفاق لودھی بھی موجود تھے۔عبد السلام آفریدی نے کہاکہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے لیکن بدقسمتی سے ستر سال میں پاکستان کومخلص قیادت نہیں ملی جس کی وجہ سے ملک کو بیش بہا چیلنجز کا سامنا ہے۔عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو ایماندار اور مخلص قیادت ملی ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔انہوں نے کہاکہ سخت حالات میں عوام نے حکومت کا ساتھ دیا اور اب مہنگائی میں بتدریج کمی آرہی ہے۔انہوں نے کہاکہ طلباء کو اپنی تمام تر توجہ حصول علم پر مرکوز کرنی چاہیئے تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا احسن طریقے سے مقابلہ کیا جاسکے۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر محمدزاہد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سکولو ں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی پر حکومت بھر پور توجہ دے رہی ہے۔گزشتہ ایک سال میں ضلع مردان کے اساتذہ کی حاضری 95فیصدرہی جو کہ پورے صوبے کے لئے ایک مثال ہے۔انہوں نے کہاکہ طلباء اور اساتذہ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کررہے ہیں۔سکول کے پرنسپل پروفیسر اشرف علی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سکول میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں پر بھی بھر پور توجہ دی جارہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ چند قبل شروع ہونے والے انڈر21-گیمز کے پندرہ میٹر دوڑ میں سکول کے دو طلباء نے سلور میڈل حاصل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی۔ٹی کے میدان میں سکول کے طلباء نے ملکی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کر کے سکول کا نام روشن کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ سائنسی نمائش،فٹ بال،ہاکی اور دیگر میدانوں میں بھی اساتذہ کی رہنمائی میں طلباء سکول کا نام روشن کررہے ہیں جو لائق تحسین ہے۔قبل ازیں صوبائی اسمبلی کے رکن عبدا لسلام آفریدی،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر محمدزاہد اور سکول کے پرنسپل اشرف علی نے پودے لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -