ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا کورونا وباء پر صوبائی فوکل پرسن مقرر

  ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا کورونا وباء پر صوبائی فوکل پرسن ...

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں کورونا وبا کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تیز تر فیصلہ سازی اور درست اطلاعات کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔ محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری ایک اعلامیے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر طاہر ندیم کورونا وائرس کے حوالے سے صوبائی فوکل پرسن مقررکئے گئے ہیں۔ فوکل پرسن کورونا وائرس سے نمٹنے، بچاؤ اور تدارک کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔ اسی طرح ایک اور اعلامیے کے مطابق خیبر پختونخوا پبلک ہیلتھ کمیٹی نے صوبے کے 7 ڈویڑنز کے کمشنرز کو آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی فار ہیلتھ ایمرجنسی مقرر کیا ہے۔ وائس چیئرپرسن خیبرپختونخوا پبلک ہیلتھ کمیٹی کی طرف سے جاری اعلامیے میں کمشنر پشاور، مردان ہزارہ، بنوں، ملاکنڈ، کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کو آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی فار ہیلتھ ایمرجنسی مقرر کیا گیا ہے۔ کمشنرز اپنے زیر اختیار علاقے میں صحت ایمرجنسی کے نفاذ اور دیگر اقدامات کا جائزہ لیں گے۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری ایک اور اعلامیے کے مطابق خیبر پختونخوا میں وزیر صحت کی سربراہی میں کورونا وائرس کے حوالے سے اعلیٰ سطح سٹریٹجک اوور سائٹ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو کہ کورونا وباء سے بچاؤ اور تدارک کے لیے تیاریوں اور اقدامات پر احکامات اور گائیڈ لائنز دے گی۔ یہ کمیٹی وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر سکولز، کالجز اور بازار بند کرنے کے حوالے سے تجاویز دے گی۔ اسی طرح کمیٹی کسی علاقے قرنطینہ کے قیام یا سفر پر پابندی لگانے کے حوالے سے حکومت کو تجاویز دے گی۔ صوبائی سٹریٹجک اوور سائٹ کمیٹی میں سیکریٹری صحت، ریلیف و آبادکاری، داخلہ، لوکل گورنمنٹ، سیکریٹری ٹو چیف منسٹر اور پاک فوج کے نمائندے شامل ہوں گے۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کمیٹی سیکریٹری مقرر کیے گئے ہیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -