کرونا وائرس سے خوف کھانے کے بجائے اسکا مقابلہ کرینگے: سید ناصر شاہ

کرونا وائرس سے خوف کھانے کے بجائے اسکا مقابلہ کرینگے: سید ناصر شاہ

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات، بلدیات، جنگلا ت و جنگلی حیا ت سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ حکومت کرونا وائرس کے حوالے سے موثر اور ٹھوس اقدامات کر رہی ہے جبکہ بیرون ملک سے آنے والوں کا ڈیٹا جمع کیا جارہا ہے عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔کرونا وائرس کی وجہ سے کسی میچ کو ملتوی نہیں کیا جا رہا ہے پی ایس ایل کے تمام میچز شیڈول کے مطابق کراچی میں ہی ہوں گے کرکٹ کے شائقین کو مایوس نہیں ہونے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے جن کیسز کی نشاندہی ہوئی ہے ان میں کسی کا بھی تعلق ایران یا چائنا سے نہیں ہے بلکہ تین مریض جن کی نشاندہی ہوئی ہے وہ ایمرٹس کی فلائٹ کے ذریعے لندن سے آئے ہیں جب کہ دبئی کے ذریعے بیرون ملک سے آنے والوں کے لئے ہوائی اڈے پر اسکریننگ کا انتظام ہے اور تمام ضروری اقدامات مکمل ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہما ر ی عوام کو کرونا وائرس سے ڈرنا نہیں بلکہ اس کا مل کر اور با ہمی یکجہتی کے ساتھ ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے۔کراچی میں کرونا وائرس کے مریضوں کی طبیعت بتدریج بہتر ہونا شروع ہوگئی ہے جب کہ کرونا وائرس کے حوالے سے وزیر اعلی سندھ خودتمام حالات کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس حوالے سے قائم ٹاسک فورس کے جائزہ اجلاس کی روزانہ کی بنیادوں پر خود صدارت اور ما نیٹرنگ کررہے ہیں تمام متعلقہ محکمے اس حوالے سے انتہائی ہا ئی الرٹ ہیں اور باہمی رابطے میں ہیں لہذا میری عوام سے گزارش ہے کہ وہ اس وائرس سے ڈرنے کے بجائے ڈاکٹرز کی بتائی گئی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ان حا لا ت میں حکومت کا ساتھ دیں۔انہوں نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے متعلق سوشل میڈیا میں بہت خوف پھیلایا جا رہا ہے جبکہ اس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں حکومت سندھ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مکمل طور پر چوکس اور پر عزم ہیں اور دن رات عوام کی نگہدا شت کیلئے جدید خطو ط پر تدا بیر کر رہی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -