داؤد یونیورسٹی کے طلبا کا پروجیکٹ اہم ثابت ہوگا، گورنرسندھ

داؤد یونیورسٹی کے طلبا کا پروجیکٹ اہم ثابت ہوگا، گورنرسندھ

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ عمران اسماعیل سے داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے طالب علموں کے وفد نے گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔وفد کی قیادت تنزیل عثمان کررہے تھے جبکہ دیگر اراکین میں ایم احمد،زبیر ہاشمی، نعمان ضیاء،زریاب خان اورعمر فاروق شامل تھے۔ ملاقات میں پلاسٹک بیگز اور دیگر پلاسٹک اشیاء سے توانائی حاصل کرنے کے منصوبہ پر طلبا نے گورنرسندھ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ گورنرسندھ کو اپنے تیار کردہ پروجیکٹ سے متعلق طلباء نے بتایا کہ تیار کردہ پروجیکٹ کے تحت پلاسٹک او ربلدیاتی فضلہ سے مائع اور گیس ایندھن حاصل کیا جا سکتا ہے اس کے لئے Calaytic Cracking کا طریقہ استعمال کیاجا ئے گا اور انہیں فرنس میں 600 ڈگری سینٹی گریڈ تک جلا کر مائع، گیس اور ٹھوس ایندھن حاصل کیا جا سکے گا۔ طلباء کی تحقیق اور تیار کردہ پروجیکٹ کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ بلدیاتی فضلہ اور گھریلو کچرا کو ٹھکانے لگانے کے ضمن میں یہ ایک اچھامنصوبہ ہے اس منصوبہ کی کامیابی سے کراچی کے کچرے کو ٹھکانے لگانے میں مدد ملے گی طالب علم اس تحقیقی منصوبہ پر مبارک باد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں طلبہ کی صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے طلباء کے تیار کردہ پروجیکٹ کے ذریعہ پلاسٹک اور بلدیاتی فضلہ سے توانائی کی ضروریات میں مدد حاصل ہوگی صاف ستھرے ماحول کے لئے یہ منصوبہ آئیڈیل ثابت ہوگا۔

مزید :

صفحہ اول -