کمرتوڑ مہنگائی حکومت کی ناکام معاشی پالیسوں کا نتیجہ ہے،اسداللہ بھٹو

کمرتوڑ مہنگائی حکومت کی ناکام معاشی پالیسوں کا نتیجہ ہے،اسداللہ بھٹو

  

جیکب آباد(این این آئی) جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر وسابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹو نے کہاہے کہ کمرتوڑ مہنگائی سودی نظام وحکومت کی ناکام معاشی پالیسوں کا نتیجہ ہے،وفاقی حکومت کا پورا نظام درہم برہم اور صوبوں کے ساتھ کسی معاملے میں ہم آہنگی نظر نہیں آرہی ہے، حکومتی گاڑی عملی طوربالکل بے سمت مسافر کی مانند کی طرح چل رہی ہے جسے راستہ اورنہ ہی منزل کی خبرہے اس وقت لوگ مہنگائی اور بے روز گاری سے ذہنی مریض بنتے جا رہے ہیں،مسائل میں کمی کے بجائے روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور ان کے حل کے لیے حکومت کے پاس نہ اہلیت اورنہ ہی ویژن ہے، جماعت اسلامی اصلاح معاشرہ اوراسلامی وکرپشن فری پاکستان کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، 3 اپریل کو سکھرمیں سینیٹر سراج الحق کی زیرقیادت مہنگائی کے خلافت تاریخی مارچ ہوگا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جیکب آباد میں پیما سندھ کے سابق صدرڈاکٹرعبدالرشید میمن اورجماعت اسلامی جیکب آباد کے سابق امیراعجازاحمد میمن کی والدہ کی وفات پرتعزیت اورمیڈیا سے بات چیت کے دوارن کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا سفر تنزلی گزشتہ ڈیڑھ سال سے جاری ہے۔وزیر اعظم صاحب روز یہ کہتے ہوئے تھکتے نہیں ہیں کہ ہم کسی قیمت پر مہنگائی مافیا اورچوروں کو معاف نہیں کریں گے جو صرف اعلانات تک محدود ہیں۔عملی طور این آر اواورمہنگائی مافیا کے ساتھ گٹھ جوڑکیا ہوا ہے، ایک سوال کے جواب میں اسداللہ بھٹو نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل قیمتوں میں کمی کافائدہ عام آدمی تک پہنچنا چاہئے۔اس موقع پر مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن مولاناحزب اللہ جکھرو،شکارپور ڈسٹرکٹ بارکے سابق صدرایڈووکیٹ عبد القادر ابڑو، ریلوے پریم یونین کے جنرل سیکرٹری خیر محمد تنیو،امیرضلع حاجی دیدار علی لاشاری اورمقامی امیرہدایت اللہ رند سمیت دیگر رہنما بھی موجودتھے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -