برطانیہ کی وزیر صحت بھی کورونا وائرس کی شکار ہوگئیں
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس دنیا کے 102سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے اور ان ممالک میں مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ اسی حوالے سے برطانیہ سے ایک بری خبر آئی ہے کہ وزیرصحت نیڈین ڈوریس بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئی ہیں۔ میل آن لائن کے مطابق 62سالہ نیڈین ڈوریس نے حالیہ دو ہفتوں میں سینکڑوں لوگوں کے ساتھ پارلیمنٹ میں ملاقاتیں کیں اور وزیراعظم بورس جانسن کی طرف سے دیئے گئے عشائیے میں بھی شرکت کی۔ اس دوران ان کو کورونا وائرس لاحق ہو چکا تھا اور انہیں معلوم ہی نہیں تھا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ان کو شدید کھانسی لاحق ہوئی اور وائرس کی دیگر علامات رونما ہوئیں جس پر ان میں اس موذی وباءکا علم ہوا۔ کہا جا رہا ہے کہ خاتون وزیر کو ان لوگوں میں سے کسی سے وائرس لاحق ہوا ہو گا جن سے انہوں نے ملاقاتیں کیں۔ یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جسم میں وائرس کے موجود ہوتے ہوئے خاتون وزیر نے دیگر لوگوں اور خود وزیراعظم سے ملاقاتیں کیں، جس سے خدانخواستہ ان میں سے کسی شخص کو بھی وائرس لاحق نہ ہو گیا ہو۔
نیڈین ڈوریس کے ٹیسٹ کے نتائج میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد انہیں قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے اور بتایا جا رہا ہے کہ وہ روبہ صحت ہیں۔ نیڈین ڈوریس نے اپنے جسم میں وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد بالخصوص اپنی 84سالہ ماں کے متعلق شدید پریشانی کا اظہار کیا ہے جو ان کے ساتھ ہی رہتی ہیں۔ خاتون وزیر کا کہنا تھا کہ کہیں ان سے وائرس ان کی بوڑھی والدہ کو نہ لگ گیا ہو۔رپورٹ کے مطابق حکام ان تمام افراد کے ٹیسٹ کر رہے ہیں جن سے خاتون وزیر نے گزشتہ دو ہفتے کے دوران ملاقاتیں کی ہیں۔