تحریک انصاف کے اہم منحرف رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)تلہ گنگ کی ممتاز سیاسی شخصیت، سابق رکن قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف چکوال کے سابق صدر سردار منصور حیات ٹمن نےپاکستان مسلم لیگ(ن)میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ،مسلم لیگ(ن)کےسینئر نائب صدروسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی،سیکرٹری جنرل احسن اقبال،خواجہ محمد آصف ،مریم اورنگزیب اورمسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ جمعہ کو سردار منصور حیات ٹمن سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کریں گے جس میں وہ باضابطہ طور پر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔
واضح رہے کہ سردار منصور حیات ٹمن چار مرتبہ رکن قومی اسمبلی اور خزانہ کے پارلیمانی سیکرٹری رہ چکے ہیں،ان کا شمار تلہ گنگ اور چکوال کی ممتاز سیاسی شخصیات میں ہوتا ہے، گزشتہ الیکشن میں وہ تحریک انصاف میں تھے لیکن مسلم لیگ (ق) اور تحریک انصاف کے اتحاد کی وجہ سے وہ الیکشن میں حصہ نہ لے سکے کیونکہ چکوال سے مسلم لیگ(ق)کےرہنما چوہدری پرویز الٰہی نے الیکشن لڑا اور وہ کامیاب ہوئے جس کے بعد انہوں نے وہ نشست چھوڑی اور چوہدری شجاعت حسین کے بیٹے چوہدری سالک حسین وہاں سے کامیاب ہوئے۔2016میں سردار منصور حیات ٹمن کو پاکستان تحریک انصاف ضلع چکوال کا صدر منتخب کیا گیا تھا ۔