ہالی ووڈ پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن کو خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے کے جرم میں سخت سزا سنا دی گئی
نیو یارک(ڈیلی پاکستان آن لائن )ہالی ووڈ کے پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن کو ریپ اور جنسی حملے کا الزام ثابت ہونے پر 23سال قید کی سزا سنا دی گئی ۔تفصیل کے مطابق ہاروی وائنسٹن کو گزشتہ ماہ نیویارک کی ایک عدالت نے 2 مختلف خواتین پر جنسی حملے اور ریپ کے مقدمات میں مجرم قرار دیا تھا۔ ان کے وکلا نے نرمی کی درخواست کرتے ہوئے اصرار کیا تھا کہ 5 سال کی کم از کم سزا بھی ہاروی وائنسٹن کے لیے 'عمرقید' ثابت ہوگی مگر پراسیکیوٹرز نے کہا کہ مجرم کو خواتین پر زندگی بھر کے مظالم پر زیادہ سے زیادہ سزا دی جائے۔ہاروی وائنسٹن کو اداکارہ جیسیکا من پر جنسی حملے اور پروڈکشن اسسٹنٹ مریم ہیلی کو زبردستی جنسی ہوس کا نشانہ بنانے کے جرم میں سزا سنائی گئی ۔
ہاروی وائنسٹن کے خلاف کیس 3 الزامات پر مبنی تھا، پہلا 2013 میں ایک ہوٹل کے کمرے میں ایک ابھرتی ہوئی اداکارہ جیسیکا من پر جنسی حملہ اور ریپ، دوسرا 2006 میں پروڈکشن اسسٹنٹ مریم ہیلی کو زبردستی جنسی استحصال کا نشانہ بنانے اور تیسرا 1990 کی دہائی میں اداکارہ اینا بیلا شیورہ کو ان کے اپارٹمنٹ میں ریپ کا نشانہ بنانا تھا۔ہالی ووڈ پروڈیوسرکو اینابیلا کے معاملے میں مجرم نہیں ٹھہرایا گیا۔ہالی وڈ پروڈیوسر کو جیسیکا من کے کیس میں تھرڈ ڈگری ریپ اور مریم ہیلی کے کیسز میں فرسٹ ڈگری جنسی حملے کا مرتکب قرار دیا گیا تھا۔