عوام مہنگائی سے تنگ،وزراء بھاری تنخواہیں لے رہے ہیں،مجید غوری

عوام مہنگائی سے تنگ،وزراء بھاری تنخواہیں لے رہے ہیں،مجید غوری

  

 لاہور (لیڈی رپورٹر)عوامی رکشہ یونین و عوامی پاسبان کے مرکزی چیئرمین مجید غوری نے کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی کے اژدھا ڈس رہے ہیں۔جبکہ وزراء، مشیر، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی بھاری تنخواہوں اور مراعات کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ ملک کا پیسہ لوٹنے والے نہ پیسہ واپس کرنے کو تیار ہیں نا ٹیکس دینے کو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مہنگائی کے خلاف بلائے گئے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

 اجلاس میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مجید غوری کا کہنا تھا کہ حکومت نے سارا بوجھ غریب عوام پر ڈال دیا ہے۔ عوام کب تک ظالم حکمرانوں کی لوٹ مار کا کفارہ اد ا کرتی رہے گی۔ملک اس وقت تک خوشحال نہیں ہو سکتا جب تک مساوات قائم نہ ہو۔ایک دن بجلی مہنگی ہونے کا ماتم کرتے ہیں تو اگلے دن پٹرول مہنگا کر دیا جاتا ہے۔ آٹا خریدنے جاتے ہیں تو گھی اور چینی خریدنے کیلئے پیسے نہیں بچتے، پہلے سبزیاں اور دالیں کھا کرگزارہ کرلیتے تھے۔ اب تو بھی اتنی مہنگی ہیں کہ پورے مہینے کا  بجٹ ہی خراب ہو جاتا ہے۔ گھر والوں کو خرچہ نہ دیں لڑائیاں جھگڑے ہوتے ہیں۔ رکشہ ڈرائیوروں کی دیہاڑی کبھی لگتی ہے کبھی نہیں لگتی۔ گزشتہ روز رکشہ ڈرائیور نے پے درپے نا جائز چالانوں سے تنگ آ کر اپنا رکشہ بھی جلا ڈالا اور خود پر تیل چھڑک لیا۔ جس کی جیب میں پیسے نہیں ہوں گے۔ وہ جرمانہ کہاں سے ادا کرے گا۔اس شخص کو موت ہی آسان لگے گی۔کیونکہ ہمارے وزیراعظم نے ہی مشورہ دیا تھا کہ سکون صرف قبر میں ہے۔ وزیر اعظم لوگوں کو قبروں کی راہ دکھانے کی بجائے مہنگائی کم کریں۔بجلی، گیس،پٹرول،آٹے، چینی، گھی، سبزیوں، دالوں اور مرغی کی قیمتیں کم کریں  ورنہ مہنگائی کے خلاف بڑی تحریک چلائیں گے اور شہر کا ہر چوک اور چوراہا بند کردیں گے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -