پٹوار خانوں میں سرکاری ریکارڈ پر پرائیویٹ افراد قابض، رشوت عام
لاہور(اپنے نمائندے سے)صوبائی دارلحکومت کی تحصیل سٹی میں اصلی اور نقلی پٹواریوں کی پہچان ختم ہو کر رہ گئی،تحصیل سٹی کا پٹوار سرکل کھوئی میراں عرصہ دراز سے آصف نامی پرائیوٹ شخص کے پاس ٹھیکے پر چلانے کا انکشاف۔ روزنامہ پاکستان کے سروے کے دوران معلوم ہوا کہ تحصیل سٹی کی قانون گوئی نولکھا میں سرکاری ریکارڈ پر پرائیویٹ افراد سالہا سال سے قابض ہیں، پٹوار سرکل کھوئی میراں میں بھی باقدعدہ ایک ٹھیکے داری نظام کے تحت اصلی پٹواری محمد ارشد نے پٹوار خانہ ٹھیکے پر آصف نامی منشی کو دے رکھا ہے علاقے کے مقامی شہریوں محمد نوید، قاسم علی، تنویر باجوہ، شہزاد بٹ شہزاد خان، محسن علی نے آگاہی دی کہ سائلین سے انتقالات اور فردیں جاری کرنے کے عوض یہی آصف نامی پرائیویٹ منشی پیسے وصول کرتا ہے اور خود کو پٹوار خانہ کھوئی میراں کا پٹواری ظاہر کرتا ہے، تحصیلدار سٹی سمیت قانونگو کی موجودگی میں بھی وراثت کے بیان ہوں یا انتقالات کی بستہ پڑتال ہو یہی منشی کرواتا ہے تمام فردوں کے اجراء اور انتقالات کے اندراج کی قلمی تحریر کا بھی موزانہ کروا لیا جائے تو یہ آصف منشی کی ہی نکلے گی،کھوئی میراں کے مقامی رہائشیوں کی کثیرتعداد نے ڈپٹی کمشنرسے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پرائیویٹ منشی محمد آصف کو سرکاری ریکارڈ پر قابض ہو کر شہریوں سے رشوت وصولی کرنے پر گرفتار کروائیں۔ دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیضان علی کا کہنا تھا کہ روزنامہ پاکستان کی نشاندہی پر مکمل کارروائی کریں گے، قوانین کی خلاف ورزی اور کرپشن کرنے والے عناصر کو نشان عبرت بنا دیا جائے گا