منشیات پوری قوم کا مشترکہ مسئلہ، سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، اعجاز شاہ

 منشیات پوری قوم کا مشترکہ مسئلہ، سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، اعجاز شاہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
اسلام آباد  (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر انسداد منشیات بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ نے منشیات کے استعمال کے خاتمہ کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کی جانب سے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات پوری قوم کا مشترکہ مسئلہ ہے، اس کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔وہ بدھ کو منشیات کے خاتمہ سے متعلق آگاہی کے حوالے سے حکمت عملی وضع کرنے سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس میں وفاقی سیکریٹری انسداد منشیات اکبر درانی، وفاقی سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد، ڈائریکٹر جنرل ریڈیو عنبرین جان، ڈائریکٹر جنرل آئی پی منظور علی میمن، ڈائریکٹر جنرل ای پی عابد سعید، پیمرا، پی این سی اے، اے پی پی، پی ٹی وی، وفاقی بورڈ، ایچ ای سی، پرائیویٹ تعلیمی اداروں، سوشل میڈیا اور ذہنی و جسمانی صحت کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوان نسل میں منشیات کا بڑھتا ہوا رجحان پریشان کن ہے، ہمیں ہر حال میں اس لعنت کا خاتمہ یقینی بنانا ہوگا۔ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ منشیات فروش اصل مجرم ہیں اور منشیات کے شکار افراد کی بحالی کے لئے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزارت انسداد منشیات اور اے این ایف کو اپنے مشن میں کامیابی کے لئے آپ سب کے تعاون کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر وفاقی سیکریٹری اکبر درانی نے اجلاس کے شرکاء  کو وزارت کی پالیسی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور ان کی قیمتی رائے بھی لی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر حال میں اپنے بچوں کو محفوظ اور منشیات سے پاک مستقبل فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر تمام متاثرہ افراد تک آگاہی اور بحالی تک رسائی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات زیر غور لائے گئے۔ اس کے ساتھ ساتھ وزارت انسداد منشیات کی زندگی ایپ اور ہیلپ لائن کو مزید موثر بنانے کے لئے بھی تجاویز پیش کی گئیں۔اجلاس میں موجود تمام شرکاء نے اپنی اپنی رائے کا اظہار کیا اور منشیات کے خاتمے کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
 اعجاز شاہ

مزید :

صفحہ آخر -