صحافی برادری کو ڈی این وین کے ذریعہ ڈرائیورنگ لرنرز لائسنس جاری
پشاور(سٹی رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے صحافی برادری کو ڈی ایل وین کے ذریعے لرنرزجاری کردیئے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر پشاور پریس کلب کے باہر ڈی ایس پی انیلہ ناز اور ٹریفک انسپکٹر نور اسلام کی موجودگی میں صحافی برادری کے متعدد افراد کو لرنر جاری کئے گئے- چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کی خدمت کیلئے کوشاں ہے انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے مختلف ڈیپارٹمنٹس اور علاقوں و مقامات میں شہریوں اور ملازمین کو سہولت اور ریلیف دینے کیلئے ڈی ایل وین کے ذریعے لرنر جاری کئے جاتے ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور سٹی ٹریفک پولیس پشاور کا چولی دامن کا ساتھ ہے جبکہ میڈیا نے ہمیشہ ٹریفک مسائل کو بہتر انداز میں اجاگر کرنے اور عوام میں شعور اجاگر کرنے کیلئے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کا ساتھ دیا ہے۔ اسی طرح سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے پشاور شہر کے دیہاتی اور دور دراز علاقوں میں شہریوں کو گھر کی دہلیز پر بھی ڈی ایل وین کے ذریعے لرنرز کا اجراء کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے صحافی برادری کو پریس کلب کی دہلیز پر ڈرائیونگ لائسنس لرنرز جاری کرنے پر پشاور پریس کلب کے جنرل سیکرٹری عمران بخاری اور کابینہ کے دیگر عہدیداروں نے چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت اور دیگر حکام کا شکریہ ادا کیااور ڈی ایل وین کے ذریعے پریس کلب کی دہلیز پر لائسنس کے اجراء کو احسن اقدام قرار دیدیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہیگا۔