معدنی کانوں میں کام کرنیوالے مزدوروں کی آن لائن رجسٹریشن 

معدنی کانوں میں کام کرنیوالے مزدوروں کی آن لائن رجسٹریشن 

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی نے بدھ کو ریڈیو پاکستان کے لائیو پروگرام رابطہ میں شرکت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ معدنیات نے معدنی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا ہے۔ معدنی ذخائر میں کام کرنے والے مزدور ہمارا اصل سرمایہ ہیں جن کی فلاح ہماری ترجیح ہے۔ محکمہ معدنیات، مزدوروں کے لیے خصوصی گرانٹس، بچوں کے لیے تعلیمی وظائف جبکہ معذور افراد کے لیے ون ٹائم گرانٹ دے رہے ہیں۔  وزیراعلی کے معاون خصوصی عارف احمدزئی نے کان کنی سے وابستہ مزدوروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ معدنیات نے مزدوروں کو بہترین خدمات کی فراہمی کی غرض سے آن لائن رجسٹریشن شروع کر دی ہے، کان کن خیبرپختونخوا کے جس علاقے میں بھی ہوں وہ آن لائن رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔ جس کی بدولت منظم انداز میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ماربل انڈسٹری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو بہترین خدمات کی فراہمی بارے میں بات کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی نے ریمارکس دئیے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا کی ہدایات کی روشنی میں ماربل زون کے قیام کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔ بہت جلد اس سلسلے میں عملی کام شروع کیا جائے گا جبکہ مہمند ماربل زون میں کام مکمل ہونے کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ بونیر میں ماربل زون کے قیام کے لیے بھی خاطر خواہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں بہت جلد بونیر کے عوام کو خوشخبری دیں گے۔ ضم شدہ اضلاع میں حادثات کی روک تھام کا ذکر کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی نے کہا کہ حادثات زیادہ تر ضم شدہ اضلاع میں پیش آ رہے ہیں جن کی بنیادی وجہ وہاں پر پہلے سے نظام کا موجود نہ ہونا تھا۔ اب چونکہ ضم شدہ اضلاع خیبرپختونخوا میں ضم ہو گئے ہیں تو محکمہ معدنیات نے اس حوالے سے وہاں پر اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ تاکہ معدنیات سے وابستہ مزدوروں کی جان کی حفاظت ہو۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں کانوں میں مزدوروں کی حفاظت کے لیے تدابیر نہیں اپنائی گئیں ان تمام کانوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ معدنیات نے کان کنی سے وابستہ مزدوروں کے لیے پروفیشنل ٹریننگ دینے کا بھی اہتمام کیا ہے۔ معاون خصوصی معدنیات عارف احمدزئی نے مزدوروں کے بچوں کے لیے تعلیمی وظائف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کان کنوں کے بچوں کے لیے محکمہ معدنیات نے تعلیمی وظائف دینے کا عمل شروع کیا ہے جس سے مزدور کے بچے دیگر لوگوں کی طرح تعلیمی زیور سے آراستہ ہوں گے۔ چترال میں معدنی ذخائر کے متعلق ایشوز پر بات کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی نے کہا کہ چترال میں معدنی وسائل سے متعلق ایشوز کے حل لیے محکمہ معدنیات نے اقدامات اٹھائے ہیں وہاں پر تمام ایشوز کو حل کریں گے۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -