وزیراعلٰی عثمان بزدار کو وزیراعظم اور پی ٹی آئی کا مکمل اعتماد حاصل: فردوس عاشق
لاہور(جنرل رپورٹر)فردوس عاش اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کا مکمل اعتماد حاصل ہے، 2023ء تک عثمان بزدار ہی وزیراعلیٰ پنجاب رہیں گے۔معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ایماندار وزیراعلیٰ عثمان بزدار کرپٹ اپوزیشن کو ہر وقت کھٹکتے ہیں، عدم اعتماد بچونگڑا پارٹی کا کھیل نہیں، اپوزیشن کے غبارے سے پہلے کی طرح پھر ہوا نکلے گی۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایوان کو بہترین انداز میں چلا کر سینیٹرز کا اعتماد حاصل کیا، ان کے غیر جانبدار رویے اور بہترین اخلاق کی بدولت سینیٹرز انہیں چیئرمین منتخب کروانا چاہتے ہیں، آزاد ارکان کی بدولت حکومت کا پلڑا بھاری ہے، صادق سنجرانی ہی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شاہی خاندان اور ریاست رائیونڈ کے نظریہ کے تحت لاہور میں بے دردی سے درخت کاٹے گئے اور شہرکو کنکریٹ کا جنگل بنادیاگیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے قدرتی حسن کو بحال کرنے کا عزم کر رکھا ہے اور اسی نظریے کے تحت پی ایچ اے نے 2سالوں میں لاہور میں 10لاکھ سے زائد درخت لگائے۔انہوں نے کہاکہ نارووال کے ارسطو احسن اقبال نے اپنے بھائی مصطفی کمال کو فرنٹ مین بناکر پی ایچ اے میں اربوں روپے کی کرپشن کی۔ ن لیگ کا وطیرہ ہے کہ انہیں جس ادارہ کا محافظ بنا کر بٹھایا جاتا ہے اسی کو لوٹتے ہیں۔ پی ایچ اے کے وائس چیئرمین اور چیئرمین کو مبارکباد کہ کرپشن کو بے نقاب کیا اور آج ارسطو خان کے بھائی کو گرفتاری سے بچنے کیلئے ضمانت کروانا پڑی۔معاون خصوصیپی ایچ اے کے زیراہتمام مولانا جوہرعلی روڈ پرمنعقدہ وال پینٹنگ کے مقابلے میں بطور مہمان خصوصی گفتگو کر رہی تھیں۔مقابلے میں لاہور کی مختلف یونیورسٹیز سے طلباء و طالبات نے شرکت کی۔اس موقع پر انہوں نے ثقافتی رنگوں کو اجاگر کرنے میں حصہ دار بننے پر میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔ لاہور کے رنگ میڈیا کے سنگ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ایچ اے نے ان رنگوں کو دلکش بنانے کیلئے ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور آج اگریہ رنگ نوجوان نسل کو منتقل نہیں ہوتے تو یہ تاریخ کے اوراق میں ہی رہ جاتے۔ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہاکہ چیئرمین اوروائس چیئرمین پی ایچ اے اور ساری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے ایسے دلکش اور رنگوں سے بھری تقریب کا انعقادکیا اور لاہور کا حسن دوبالا کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔آج طلباء کے جذبوں کو دیکھتے ہوئے مجھے فخر ہے کہ جب تک یہ نوجوان جو پاکستان کا اثاثہ ہیں پاکستان کیلئے متحرک نظر ائیں گے تو کوئی وجہ نہیں پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا نہ ہو۔ آنے والی نسل کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ پینٹنگ کرنے والا ہاتھ ثابت کر رہا تھا کہ اس میں پاکستان کیلئے کچھ کرنے کا جذبہ بھی ہے۔پی ایچ اے نے لاہور کی ثقافت کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کا سہرا اٹھایا ہے۔
فردوس عاشق