NA-249سے پی ٹی آئی بہترین امیدوار کے ساتھ میدان میں اتریگی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ این اے249کی نشست سے پی ٹی آئی بہترین امیدوار کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ این اے249پی ٹی آئی کی سیٹ ہے، پہلے سے زیادہ تعداد میں ووٹ لے کر کامیاب ہوں گے۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی جتنے چاہے ہتھکنڈے استعمال کرلیں،این اے249سے تحریک انصاف کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی کی جانب سے این اے249کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے پالیمانی بورڈ کی تشکیل کے بعد ہمیں متعدد مضبوط امیدواروں کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم پالیمانی بورڈ کے فیصلے کے مطابق امیدوار کے لئے بھرپور مہم چلائے گی۔ این اے249کے عوام نے عام انتخابات میں بھی وزیرا عظم عمران خان پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے فیصل واوڈا کو منتخب کیا تھا جن کے مقابلے میں شہباز شریف کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضمنی انتخاب میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ انتخابی عمل کے دوران کسی کرپٹ ووٹ چور جماعت کو عوام کے حق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ این اے 249کی عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے پاکستان تحریک انصاف ہمیشہ کوشاں رہی ہے۔ حلقے میں وزیر اعظم عمران خان سے محبت کرنے والے لوگ رہتے ہیں، وہ ایک بار پھر سے اپنے پی ٹی آئی پر اپنے اعتماد کا اظہار کرنے کے لئے گھروں سے نکلیں گے اور بھاری اکثریت سے پی ٹی آئی امیدوار کو کامیاب بنائیں گے۔