پاکستان کے ساتھ ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، ترکی 

  پاکستان کے ساتھ ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، ترکی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اکنامک رپورٹر)ترکی کے قونصل جنرل تلگا اچک نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی اور عملی تربیت کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں جب کہ ترک سرمایہ کار ٹیکسٹائل، پلاسٹک، فوڈ سمیت صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔ یہ بات انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) سے خطاب کے موقع پرکہی ۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر سلیم الزماں نے کراچی میں تعینات ترکی کے قونصل جنرل تلگا اچک کا خیرمقدم کیا اور کورنگی صنعتی علاقے کی اقتصادی اہمیت اور پیدواری صلاحیت سے متعلق انہیں بریفنگ دی۔ صدر کاٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں متعدد ترک کمپنیاں کامیابی سے کام کررہی ہیں تاہم مشترکہ سرمایہ کاری اور تجارتی حجم میں اضافے کی بہت گنجائش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین پُرخلوص بردارنہ تعلقات پائے جاتے ہیں اور دونوں ملک کے معاشی میدان میں کئی سنگ میل طے کرسکتے ہیں۔ کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے سفارتی امور کے سربراہ راشداحمد صدیقی نے کہا کہ ترکی نے ٹیکنالوجی کے میدان میں بے پناہ ترقی کی ہے اور اس شعبے میں پاکستان کیساتھ تعاون بڑھانے کے کئی امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترکی کے کمرشل قونصلیٹ کے قیام سے تجارتی تعلقات میں تیزی سے بہتری آسکتی ہے۔ مسعود نقی نے کہا کہ تکنیکی شعبے میں ترکی کے تربیتی منصوبوں کو خوش آئند سمجھتے ہیں اور اس میں تعاون کے لیے تیار ہیں۔بعدازاں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترک قونصل جنرل تلگا اچک کا کہنا تھا کہ ترکی ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے اور پاکستانی صنعتوں کو مشینری کی فراہمی میں اضافہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی مشینری کی فراہمی کے ساتھ ترکی پاکستان میں تکنیکی تربیت اور تعلیمی منصوبوں کو بھی وسعت دینے پر کام کررہا ہے۔ ا ن کا کہنا تھا کہ باہمی تجارت کے فروغ کے لیے پاکستان میں ترک بینکوں اور دونوں ممالک کے مابین بہتر بینکنگ چینلز کا قیام بھی ضروری ہے۔ اجلاس میں کاٹی کے سینئر نائب صدر ذکی احمد شریف، نگہت اعوان اور سید فرخ مظہر بھی شریک ہوئے۔ 

مزید :

صفحہ آخر -