گندہ نالہ کیس،سرکاری گواہ نے اعتراف کیا کہ شہباز شریف بے گنا ہ ہیں،عطاتارڑ،عظمیٰ بخاری
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ اور عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ عمران نیاز ی صاحب تھوک کر چاٹنے کی پالیسی اب نہیں چلے گی۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق لیگی رہنماؤں نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج جرح کے دوران سرکاری گواہ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ گندے نالے کی منظوری کابینہ نے دی تھی اس میں شہباز شریف بے گناہ ہے۔ لیگی رہنماؤں نے کہا کہ سرکاری گواہ کا بیان ہماری بہت بڑی کامیابی ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا جج احتساب عدالت نے شہباز شریف صاحب سے بات کرنے پر مجھے کورٹ سے باہر جانے کا کہنا جس کے جواب میں نے ان سے درخواست کی میں وکیل ہوں، یہ میرا کیس ہے، یہ اوپن ٹرائل کورٹ میں کیس چل رہا ہے کسی مارشل لا عدالت میں نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر شہباز شریف صاحب کا کیس نہ ہوتاتو میں جج صاحب کوبتاتی کہ ایک وکیل کو اس انداز میں اوپن کورٹ سے باہر بھیجنا ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ حکومت کا جبر برداشت کرتے ہوئے کورٹ میں پیش ہورہے ہیں۔میں تمام اداروں سے گزارش کروں گی کہ ہماری عمران خان سے سیاسی لڑائی میں پولیس یا کسی ادارے کو پارٹی نہیں بننا چاہئے۔
لیگی رہنما عطا تارڑ کا کہناتھا کہ شہباز شریف میں قومی خزانے کے اربوں روپے بچائے، میں عمران خان سے پوچھتا ہوں کہ شہباز شریف پر تو گندے نالے کاکیس بن گیا عامر کیانی پر اربوں کی ادویات میں خرد بر دکا کیس کب بنے گا۔ خسرو بختیار سے اثاثوں کے متعلق کب پوچھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آٹا چوری کرنے والوں کے خلاف کب کیس بنائے جائیں گے۔سینیٹ چیئرمین کے انتخاب کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ عمران خان صاحب آپ نے کہا تھا کہ جن کے پاس زیادہ ووٹ ہوں اسے جیتنا چاہیے، پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے پاس زیادہ ووٹ ہیں اب آپ کو یوسف رضا گیلانی کی جیت قبول کرنی چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو بلوچستان سے منتخب ہونے والے آزاد امیدوار کے گلے میں پٹا ڈالتے ہوئے شرم نہ جو کروڑوں روپے دے کر سینیٹر بنا۔حکومت نے آزاد امیداور کو کرورڑوں روپے دے کر خریدا۔عطا تارڑ نے کہا وزیر اعظم نے ملی معیشت کو تباہ کردیا ہے اب آپ انا میں آ کر سیاسی سسٹم کو بھی تباہ کرنا چاہ کررہے ہیں۔آپ نے جس طر ح عدم اعتماد کا ووٹ لیا آئین اس کی اجازت نہیں دیتا۔عمران نیاز ی صاحب عدم کا ووٹ کھو چکے ہیں۔لوگوں کو زدوکوب کرکے اگر ووٹ لیا تو کیا ووٹ لیا۔ہمارا ایک ایک سینیٹر قائم ہے آپ کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔