وزیر تعلیم کا امتحانی سنٹرز کا دورہ،طلبہ کی شناخت بھی کی

  وزیر تعلیم کا امتحانی سنٹرز کا دورہ،طلبہ کی شناخت بھی کی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (لیڈی رپورٹر)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے چیئرمین ٹاسک فورس فار ایجوکیشن مزمل محمود کے ہمراہ رائیونڈ روڈ کے حساس امتحانی سنٹرز کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے امتحانی عمل کا معائنہ کیا اور طلباء  سے پرچہ و دیگر امور، بالخصوص سنٹر میں بوٹی مافیا سے متعلق فیڈ بیک لیا۔ وزیر تعلیم نے تھری ڈی بار کوڈ کے ذریعے طلباء کی شناخت بھی چیک کی۔ رانا سکندر حیات کی ہدایت پر امیدواروں کی جامہ تلاشی بھی لی گئی۔ انہوں نے ڈیوٹی روسٹر کے مطابق عملے کی حاضری و شناخت چیک کی اور حساس امتحانی سنٹرز میں تسلی بخش انتظامات پر نگران عملہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ بار کوڈ کی مدد سے پہلی بار فیس ڈیٹیکشن ٹیکنالوجی متعارف کروا کر عرصہ دراز سے پنپتے بوٹی مافیا کا راستہ بند کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رائیونڈ روڈ کے امتحانی سنٹرز بوٹی مافیا کے حوالے سے مشہور تھے۔ ہمارے اقدامات سے بوٹی مافیا پر 90 فیصد قابو پا لیا گیا ہے جبکہ امتحانات میں شفافیت پر صورت میں یقینی بنائی جا رہی ہے۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ اس مرتبہ نقل کے کیسز کی تعداد بھی گذشتہ سال کے روزانہ 15 سے 20 کے مقابلے میں کم ہو کر 2 سے 3 پر آ چکی ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ہر ضلع میں ہماری خفیہ ٹیمیں مانیٹرنگ کر رہی ہیں۔ ڈسکہ، وزیر آباد، گوجرانوالہ، لاہور سمیت مختلف اضلاع کے سنٹرز کے خود وزٹ کئے ہیں، آئندہ دنوں میں دیگر اضلاع کے امتحانی سنٹرز کے بھی اچانک دورے کروں گا۔

  انہوں نے کہا کہ وہ امتحانی ریفارمز لائے ہیں جو گزشتہ 77 سالوں میں نہیں لائی جا سکی تھیں۔ گذشتہ سال کے مقابلے میں نقل کی شرح میں 90 فیصد تک کمی واقع ہو چکی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویڑن کے مطابق اگلے سال تک امتحانات کا نظام 100 فیصد شفاف ہو چکا ہوگا۔