الیکشن 2013ءمیں بھی انتخابی عملے کی طرف سے روایتی سستی کا مظاہرہ ، کمیشن کا نوٹس ،وضاحت طلب

الیکشن 2013ءمیں بھی انتخابی عملے کی طرف سے روایتی سستی کا مظاہرہ ، کمیشن کا ...
الیکشن 2013ءمیں بھی انتخابی عملے کی طرف سے روایتی سستی کا مظاہرہ ، کمیشن کا نوٹس ،وضاحت طلب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کراچی ، کوئٹہ ،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) کئی گھنٹوں کی تاخیر سے ملک کے مختلف علاقوں میں پولنگ سامان اور عملہ پہنچا جس کی وجہ سے شہریوں کو قطاروں میں لگ کر انتظا رکرناپڑا جبکہ بعض پولنگ سٹیشنوں پر تاخیر کی وجہ سے بزرگ شہری گھروں کو واپس لوٹ گئے ۔الیکشن کمیشن نے تاخیر کانوٹس لیتے ہوئے وضاحت طلب کرلی اور ٹھوس وجوہات پر پولنگ کا وقت بڑھانے کی ہدایت کردی ۔ کراچی کے حلقہ این اے 250، 253، 246سمیت مختلف علاقوں میں گیارہ بجے تک پولنگ سامان اور پولنگ عملہ نہ پہنچ سکا جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑا ، کوئٹہ میں بھی یہی صورتحال دیکھی گئی جبکہ لاہور میں بھی آدھے گھنٹے تک کی تاخیر دیکھی گئی ۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق کراچی کے پولنگ سٹیشن رابعہ فلاور میں پولنگ سٹاف اور سامان بروقت نہ پہنچ سکا، این اے 253سے 70سے زائد پریذائیڈنگ افسران کو دس بجے کے بعد پولنگ کا سامان فراہم کیاگیا۔ڈیفنس فیز ایٹ میں ڈی ایچ اے کالج ، خیابان ہلال فیز سیون اور گلستان جو ہر انکم ٹیکس آفس میں بروقت عملہ اور سامان نہ پہنچ سکا اور شہری عملے سے قبل پولنگ سٹیشنوں پر پہنچ کر انتظار کے لیے لائنوں میں لگے کھڑے رہے ۔ گلستان جوہر میں ویل چیئرپر آنیوالی خواتین انتظار کے بعد واپس چلی گئی ۔سہراب گوٹھ میں پولنگ بروقت شروع نہ ہونے پر ووٹروں نے احتجاج شروع کردیا۔کوئٹہ میں کے علاقے مندبلو سمیت چھ پولنگ سٹیشن پر پولنگ کا عمل ساڑھے تین گھنٹے بعدبھی شروع ہوا۔ پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں وحدت کالونی سمیت مختلف علاقوں میں پولنگ کا آغاز ساڑھے آٹھ بجے کے بعد ہوا۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل میں گھنٹوں تاخیر کا نوٹس لے لیا اور صوبائی الیکشن کمشنر سے انتخابی عملے اور سامان کے بروقت مقررہ پولنگ سٹیشنوں پر نہ پہنچنے کی وضاحت طلب کرلی ۔ الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ ٹھوس وجوہات کی صورت میں انتخابی وقت بڑھایاجائے ۔