سعودی نوجوان نے اپنی ہی موت کا منظر عکسبند کر ڈالا
ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں اپنی حیران کن تیز رفتاری کی ویڈیو بنانے والا نوجوان 200کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑتی ہوئی کار کا کنٹرول کھو بیٹھا اور اس کی مہارت کی ویڈیو موت کی ویڈیو میں بدل گئی۔
”ایمریٹس247“ کے مطابق نوجوان کے آخری لمحات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شائع کی جاچکی ہے اور اس کے اندوہناک مناظر بیک وقت افسوس اور تنقید کا باعث بن رہے ہیں۔ حادثے کے وقت نوجوان 200کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کار دوڑارہا تھا اور اس دوران گاڑی کے ڈیش بورڈ کی تصاویر لے رہا تھا۔ ویڈیو میں نہ صرف میٹر پر نظر آنے والی رفتار ریکارڈ ہوگئی بلکہ قلابازیاں کھاتی ہوئی گاڑی کے مناظر اور نوجوان کی دردناک چیخ و پکار بھی ریکارڈ ہوگئی۔
مزیدپڑھیں:’جہنم کے دروازے‘کی سیر کرنے والے دنیا کے واحد آدمی نے اندر کا حال بتا دیا
اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد جہاں بہت سے لوگوں نے اس افسوسناک حادثے پر دکھ کا اظہار کیا ہے وہیں لوگوں کی بڑی تعداد نے نوجوان کی غیر ذمہ داری کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور اس کے عمل کو خود کشی کے مترادف قرار دیا۔ تنقید کرنے والوں میں سے اکثر نے نوجوان کی غیر ذمہ داری کو سوشل میڈیا پر پائے جانے والے منفی رجحانات کا شاخسانہ قرار دیا اور خطرناک کرتبوں کی تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کرنے کے شوق کو حادثے کی وجہ قرار دیا۔